• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرائے کی رقم پر جھگڑا،بس کنڈیکٹر نے مسافر سیکورٹی گارڈ کو قتل کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بس کنڈیکٹر نے کرائے کے پیسے لینے کے دوران نجی کمپنی کے سیکورٹی گارڈ کو تیز دھار آلے کی مدد سے حملہ کرکے قتل کردیا ، جبکہ حملے کے دوران کنڈیکٹر بھی زخمی ہوگیا ، پولیس نے ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سائٹ بی تھانے کی حدود غنی چورنگی کے قریب مسافر بس روٹ نمبر X-23 بس نمبر PE-4931 سے ایک شخص کی لاش اور ایک شخص کو زخمی حالت میں فلاحی ادارے کی ایمبولینس میں منتقل کیا جارہا تھا کہ اسی دوران موقع پر موجود پولیس اہلکار پہنچ گئے اور بس ڈرائیور کو گرفتار کرکے لاش اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں پر ہلاک ہونے شخص کی شناخت 30 سالہ عبدالرحمان ولد فیض اللہ کے نام سے ہوئی ،پو لیس کے مطابق گرفتار ہونے والے بس ڈرائیور عارف نواز نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ بہادرآباد چورنگی کے قریب مسافر اٹھا رہا تھا کہ اس دوران اسکے کنڈیکٹرعمر کا مقتول سے کرائے کے پیسوں پر جھگڑا ہوگیا اور ان دونوں نے ایک دوسرے کو مارنا شروع کردیا اور بس میں موجود تمام مسافر ان دونوں کو چھڑانے کے بجائے بس سے اتر کر چلے گئے ، اورکنڈیکٹر عمر نے کسی تیز دھار آلے کی مدد سے مقتول پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا، میں نے کنڈیکٹر او ر مسافر کو زخمی حالت میں بس کے اندر میٹروویل میں واقع فیض الرحمان اسپتال پہنچا تو ڈاکٹروں نے مجھے پولیس کیس کا کہا اور کسی سرکاری اسپتال لے جانے کیلئے کہا گیا جس کے بعد میں میٹروویل پر فلاحی ادارے کے ایمبولینس میں دونوں کو اسپتال پہنچا رہا تھا کہ مسافر عبدالرحمان نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، ایس ایچ او کا مزید کہنا تھا کہ مقتول عبدالرحمن ولد فیض اللہ بہادر آباد کے علاقے سے روٹ نمبر X-23کی منی بس میں گلشن اقبال جارہا تھا کہ راستے میں کرائے کے معاملے پر اس کا جھگڑا کنڈیکٹر عمرسے ہو گیا جس پر دونوں میں تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی شروع ہو گئی اور اس دوران کنڈیکٹر اور ڈرائیور نے مل کر لوہے کی راڈ اور تیز دھار آلے کی مدد سے مسافر کو قتل کردیا ، مقتول ڈسکو بیکری گلشن اقبال کے قریب واقع ایک ریسٹورنٹ میں گارڈ تھا جبکہ زخمی کنڈیکٹر کو بھی اسپتال سے گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
تازہ ترین