• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ خبر یقیناً خوش آئند ہے کہ اعصاب شکن مقابلے کے بعد دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 32رنز سے شکست دے کر 2-0کی برتری حاصل کرلی۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم آغاز میں مشکلات کا شکار نظر آئی اور بمشکل مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 219رنز بنا پائی۔ احمد شہزاد ایک بار پھر ناکام رہے جبکہ فخر زماں، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد اور عماد وسیم بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اس مشکل وقت میں نوجوان کھلاڑی بابر اعظم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ واضح رہے کہ یہ ان کی مسلسل دوسری سنچری ہے۔ اس طرح بابر اعظم نے مسلسل دو سنچریاں بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ ان کی کیریئر کی ساتویں سنچری ہے۔ وہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اننگز میں سات سنچریاں اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں جبکہ اس سے قبل یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ہاشم آملا کو حاصل تھا۔ شاداب خان نے 52رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا دونوں نے ساتویں وکٹ کیلئے 109رنز بنائے۔220رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی سری لنکن ٹیم 187رنز پر آئوٹ ہوگئی اوپنر تھارنگا کی سنچری کسی کام نہ آسکی۔ پاکستانی ٹیم کے بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 93رنز پر سری لنکا کو 7وکٹوں سے محروم کردیا تھا۔ سری لنکا کی ٹیم کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے اور اسے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ایسی مضبوط ٹیم کو شکست دینا یقیناً ایک بہت بڑی کامیابی ہےجو ہمارے کرکٹ بورڈ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ضروری ہے کہ ضلعی سطح پر کرکٹ کی اکیڈمیاں قائم کی جائیں جیسا کہ آسٹریلیا اور برطانیہ میں کائونٹی کرکٹ پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ مقامی ٹیموں کے درمیان میچ کرائے جائیں اور بہتر کارکردگی کی بنیادپر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے اور ان کی فٹنس کا خاص خیال رکھا جائے۔ تاکہ کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہے۔

تازہ ترین