• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چندیمل اور میتھیوز کابھی انکار، سری لنکاکو دورۂ پاکستان کیلئے ٹیم تشکیل دینا مشکل ہونے لگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ اسپورٹس ڈیسک) لاہور میں پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لئے سری لنکا کرکٹ ٹیم کا اعلان ابھی نہیں ہوا ہے لیکن اوپل تھرنگا اور ملنگا کے بعد سری لنکا کے دو مزید کھلاڑیوں دنیش چندی مل اور میتھیوز نے بھی لاہور جانے سے انکار کردیا ہے۔ البتہ امارات میں مصروف سری لنکن ٹیم منیجر اسانکا گروسنہا زیادہ سے زیادہ ٹاپ کرکٹرز کو دورے کیلئے آمادہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اسی سلسلے کی کڑی میں سری لنکن حکام نے آل راؤنڈر گونا تھلیکا پر عائد چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی معطلی کی سزا میں تین میچز کی کمی کر دی ہے۔ اس تاریخی میچ کیلئے سری لنکا کو ٹورنگ سائیڈ تشکیل دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے بعد ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی جس کا آخری ٹی20 میچ لاہور میں کھیلا جائے گا اور سری لنکن کرکٹ نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے منگل کو لاہور میں وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مہمان ٹیم کو پہلے سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ سری لنکن ٹیم کے کپتان اپل تھرنگا پاکستان آنے سے انکار کے بعد اب کشال پریرا کو قیادت کی ذمے داری سونپے جانے کا امکان ہے۔ سری لنکن سلیکشن کمیٹی میچ کیلئے 17 اکتوبر کو ابتدائی 22رکنی اسکواڈ کا اعلان کرے گی جس کے بعد 20اکتوبر کو 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ساتھ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر تھیلنگا سماتھی پالا بھی لاہور آئیں گے۔ ادھر ابوظبی میں موجودہ ٹیم منیجر اسانکا گروسنہا کا کہنا ہے کہ بورڈ لاہور کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹاپ پلیئرز کو ٹیم میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس میچ کو لاہور میں کرانے کا مقصد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہے ۔ اور اس میں خلل اس وقت پڑا جب سری لنکا کے 40 پلیئرز نے تحریری طور پر اپنے بورڈ کو سیکورٹی خدشات سے آگاہ کیا تھا۔ جبکہ بورڈ کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے پاس میچ کا مقام متعین کا اختیار نہیں ۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم کھلاڑیوں کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گرو سنہا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے کھلاڑیوں سے بات کی ہے کہ وہ کوئی راستہ نکالیں ۔ کیونکہ ہمارا پاکستان میں صر ف 24 گھنٹے سے بھی کم وقت کیلئے قیام ہو گا ۔ مجھے امید ہے کہ پلیئرز اس بات پر ضرور غور کرینگے ۔ گروسنہا نے کہا کہ میں ان پلیئرز کا نام نہیں لونگا مگر متعدد کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان کیلئے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ گروسنہا کا یہ بھی کہنا تھا کہ سری لنکا 22 ممبرز کو منتخب کرے گا جس میں سے صرف 15 دورہ پاکستان کیلئے اسکواڈ میں شامل ہونگے جس کا فیصلہ 20 اکتوبر تک ہو جائے گا ۔ دریں اثنا سری لنکا کرکٹ نے آل راؤنڈر گونا تھلیکا پر عائد چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی معطلی کی سزا میں تین میچز کی کمی کر دی۔ سری لنکا کرکٹ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ عام خیال ہے کہ اس کا مقصد ان کی دورہ پاکستان میں دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ سری لنکا کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سنہالیز اسپورٹس کلب نے تھلیکا کی جانب سے سزا میں کمی کی اپیل کی تھی، ہم نے ایگزیکٹو بورڈ کی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد ان کی اپیل کو منظور کرلیا ہے تاہم ایک برس کے دوران وہ زیر نگرانی رہیں گے، اس عرصے کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں ان کی تین میچز کی معطلی کی سزا دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔ 
تازہ ترین