• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پی ایس ایل کے دو میچز کی میزبانی کریگا، پی سی بی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میچوں سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے توسیعی منصوبے کا پہلا مرحلہ چار ماہ میں مکمل ہوگا۔جس میں ڈریسنگ رومز، انکلوژر کی چھت اور پبلک بیت الخلاء کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹینڈر جاری کردیئے ہیں اور اگلے ماہ ٹھیکیدار کام شروع کرے گا۔ دوسرے مرحلے میں اسٹیڈیم کو نئی شکل دی جائے گی۔کراچی میں پاکستان سپر لیگ میچوں کے سیکیورٹی معاملات پر بات چیت کیلئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی منگل کی شب کراچی پہنچ گئے۔ صبح گیارہ بجے نجم سیٹھی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سیکیورٹی حکام سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں میچز کی سیکیورٹی پر مقامی پولیس اور رینجرز کے پاک فوج سے اشتراک پر بات کی جائے گی۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ الیون ٹیم کی آمد کے موقع پر ایک میچ کراچی میں کرانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جلد عالمی کرکٹر ملک کے دیگر شہروں میں بھی کھیلیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے کے بعد کراچی میں پی ایس ایل کے دو میچ ہوں گے۔ بورڈ حکام دعویٰ کررہے ہیں کہ اسٹیڈیم کی حالت بہتر بنانے کے لئے کام جنگی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ اس سے قبل سابق پی سی بی چیئرمین شہریار خان کو کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہا نی کرائی تھی۔دریں اثنا ترجمان وزیر اعلیٰ ہائوس کے مطابق ملاقات میں کراچی میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے متعلق بات چیت ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کا امن مثالی ہے، میں ہمیشہ عالمی کرکٹ کے میچز سمیت پی ایس ایل کے میچز بھی کراچی میں منعقد کرانے کی پیشکش کرتا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے کرکٹ سے محبت کرنے والے شہری مہمانوں پر اپنی محبت نچھاور کریں گے ۔ انہوں نے پی ایس ایل کے میچز کراچی میں کھیلنے سے متعلق مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
تازہ ترین