• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب : رات کی شفٹوں میں کام کرنے والی خواتین کیلئے نئے ضوابط کا اجرا

ریاض(شاہد نعیم ،نمائندہ جنگ )وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے خواتین ملازمین کےلئے نئے ضوابط مرتب کئے گئے ہیں ۔ وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے ادارے جہاں رات کی شفٹوں میں بھی کام ہوتا ہے وہاں کام کرنے والی خواتین کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ایک سعودی اخبار نے وزارت محنت کے حوالے سے مرتب کئے جانے والے قواعد کے حوالے سے کہا ہے کہ قانون کی شق 98 کے مطابق جس میں ملازمین کے کام کے اوقات متعین کئے گئے ہیں کے مطابق اگر ان اداروں میں خواتین کارکن ہیں اور وہ ادارے انہیں رات کی شفٹ میں کام فراہم کرنا چاہیں تو انہیں قواعد کے مطابق کارکنوں کو مناسب ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے ۔ ایسے ادارے جہاں رات کی شفٹ میں کام ہوتا ہے انہیں چاہئے کہ وہ شفٹوں کی تفصیل اور کام کی نوعیت سے وزارت محنت کو مطلع کریں اور اس کی باقاعدہ اجازت حاصل کریں ۔ ان مقامات اور رات کو کام کرنے والی خواتین کی تفصیل سے بھی وزارت کو مطلع رکھیں ۔ رات کی شفٹوں میں کام کرنے والی خواتین کو اضافی الاؤنس دیا جائے ۔ غیر آباد مقام پر قائم ادارے رات کی شفٹوں میں خواتین کارکنوں کو متعین نہیں کر سکیں گے انہیں اس بات کی اجازت نہیں ہو گی ۔ ایسی خواتین 2 شفٹوں میں کام کرتی ہیں انہیں دوسری شفٹ کےلئے اضافی ٹرانسپورٹ الاؤنس فراہم کیاجائے یا انہیں مناسب ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے ۔ وزارت محنت کی جانب سے نئے مرتب کئے جانے والے ضوابط میں مزید کہا گیا ہے کہ رات کی شفٹ میں کام کرنے والی خواتین کی تعداد کم از کم 3یا اس سے زیادہ ہو ۔
تازہ ترین