• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری امریکا کو جوہری معاہدہ کمزور کرنے کی اجازت نہ دے، ایران

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرونے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جوہری معاہدے کی حمایت جاری رکھتے ہوئے امریکی صدرکو اسے کمزور کرنے کی اجازت نہ دے۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی اور جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤکمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا امریکی عزائم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو تاکہ عالمی سطح پر ایسا تاثر پیدا نہ ہو کہ کوئی بھی ملک اپنی خواہش کے تحت عالمی معاہدوں سے نکل سکتا ہے۔اس موقع پر اقوام متحدہ میں فرانس اور جرمنی کے سفیروں نے بھی ایران جوہری معاہدے کی حمایت اور اس کے مکمل نفاذ پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران جوہری معاہدہ کوئی دوطرفہ معاہدہ نہیں جسے یکطرفہ طور پر ختم کیا جائے بلکہ یہ ایک بین الاقوامی سمجھوتہ ہے، تاہم ایران اپنے قومی مفاد کے تحفظ کے لئے کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیارہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف دیرپا پابندیاں لگانے کا امریکی مطالبہ جوہری معاہدے کی روح کے خلاف ہے بالخصوص این پی ٹی معاہدے میں شامل ممالک کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔اقوام متحدہ میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کی پہلی کمیٹی کے اجلاس میں جرمنی اور فرانس کے مندوبین نے کہا کہ وہ ایران جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے وعدوں پرقائم اور جوہری معاہدے کے تحفظ کو ضروری سمجھتے ہیں۔جرمنی کے سفیر کا کہنا تھا کہ جوہری معاہدہ 13 سال کی سفارتکاری کے عمل کے نتیجے میں طے پایا ہے اور اس کا تحفظ ہماری قومی سلامتی کے لئے ناگزیر ہے۔فرانس کے سفیرکا کہنا تھا کہ جوہری معاہدے سے یہ بات ثابت ہوئی کہ جوہری ہتھیار کے عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے سے یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ایرانی صدرڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے کو نقصان پہنچانے کی غرض سے امریکاکا عالمی سطح پر تنہا ہو جانا سیاسی لحاظ سے ایران کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے تہران میں علما کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جامع ایٹمی معاہدہ قومی اتفاق رائے کا کامیاب نمونہ ہے ۔
تازہ ترین