• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم کی شبہاز اور حمزہ سے ملاقات، اداروں کیساتھ ٹکرائو سے گریز کرنا چاہئے، وزیر اعلیٰ پنجاب

Todays Print

لاہور(نمائندہ جنگ؍نیوزایجنسیز) شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز کے درمیان 6 ماہ بعد اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران نوازشریف کی ملک میں عدم موجودگی کے باعث سیاسی امور چلانے پر بات کی گئی جبکہ اس موقع پر شہبازشریف نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ محاذ آرائی کی سیاست سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اس لیے اداروں کے خلاف کوئی بھی بیان بازی نہ کی جائے اس سے نقصان ہوگااور اداروں کے ساتھ ٹکرائو سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کسی قسم کے ایڈونچر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں حمزہ شہباز کو بھی شریک کرکے مریم اور حمزہ کے درمیان سرد جنگ ختم کرانے کی کوشش کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور اپنے بیٹے حمزہ شہباز کے درمیان پیداہونے والے اختلافات ختم کروا دئیے اور دونوں کو ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت بھی کردی ۔ ملاقات کے حوالے سے مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انکل شہباز شریف سے ملاقات اچھے اور خوشگوار ماحول میں ہوئی تاہم اسے مختلف رنگ دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ انکل شہباز کو سلام کرنے اور چائے پینے گئی تھیں، حمزہ، سلمان اور دیگر فیملی ممبرز کے ساتھ اچھی گپ شپ ہوئی۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے درمیان دراڑیں ڈالنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے۔ واضح رہے کہ این اے 120کے ضمنی انتخاب کی مہم حمزہ شہباز نے چلانی تھی تاہم اچانک حمزہ شہباز بیرون ملک روانہ ہوگئے تھے جس کے بعد مہم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے چلائی تھی۔ قبل ازیں منگل کوحلقہ این اے 120میں ن لیگ کی شاندار کامیابی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز حلقے کے عوام سے اظہار تشکر کیلئے دوسرے روز مزنگ میں واقع ن لیگ کے مرکزی دفتر پہنچیں جہاں مریم نواز نے ضمنی انتخاب میں بھرپور مہم چلانے پر انکا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرکارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک اسقبال کیااور ان پر پھول کی پتیاں نچھاور کیں۔

بعدازاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ این اے ایک سو بیس کی عوام نے ثابت کردیا کہ مسلم لیگ نون ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے، نواز شریف کو دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام نے ثابت کردیا کہ لاہور مسلم لیگ نون کا قلعہ ہے، کارکردگی کی بنیاد پر دو ہزاراٹھارہ میں بھی عوام مسلم لیگ کو ہی کامیاب کرائیں گے۔

تازہ ترین