• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب اور ایف بی آر کو پہلے ٹھیک کرینگے، ہماری حکومت کا ایک سال دھرنے اور دوسرا پاناما کیس میں نکل گیا، عمران خان

Todays Print

مالاکنڈ( این این آئی ،صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن 2018 میں کامیاب ہوکر سب سے پہلے ملک میں اداروں بشمول نیب اور ایف بی آر کو ٹھیک کرینگے، کے پی کے حکومت کا ایک سال دھرنے اور دوسرا سال پاناما کیس میں نکل گیا، قانون کی بالا دستی اور میرٹ کا نظام ختم ہوجائے تو ادارے تباہ ہوجاتے ہیں پاکستان میں ملزمان 40 گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ عدالت آتے ہیں، طاقتور اور کمزور کیلئے الگ قانون سے قومیں تباہ ہوجاتی ہیں نیب چھوٹے پٹواریوں کے بجائے بڑے مجرموں کو پکڑےپنجاب اور سندھ میں لوگ پولیس سے ڈرتے ہیں، 2007ءالطاف حسین کے حکم پر کراچی میں لوگوں کو گولیاں ماری گئیں، اس وقت الطاف حسین سے لوگ ڈرتے تھےآج کوئی سیریس نہیں لیتا، آصف زرداری کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔

مالاکنڈ یونیورسٹی میں تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ انہیں خیبرپختونخوا والا پولیس کا نظام چاہئے، گورننس کا مطلب ملک کے اداروں میں قانون کی بالا دستی اور میرٹ کا نظام ہے،پاکستان کے پاس سوئٹزرلینڈ سے زیادہ خوبصورت پہاڑ ہیں،کچھ اور نہ ہونے پر بھی سوئٹزرلینڈ بھی ہم سے زیادہ خوشحال ہے،کوئی بھی اسکینڈے نیویا کے ممالک کے وزرائے اعظم کے نام نہیں جانتا،وہاں کے ممالک میں ادارے مضبوط ہیں وزرائے اعظم کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ جمہورت میں لیڈر شپ میرٹ پر آتی ہے، بادشا ہت میں لیڈر شپ رشتے داری کی وجہ سے آتی ہے، ہماے ہاں کبھی بھی اصلی جمہوریت نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تین متوازی تعلیمی نظام چل رہے ہیں، سرکاری اسکولوں کے بچے کیسے نجی تعلیمی اداروں کے بچوں کا مقابلہ کرینگے،ہماری یوتھ ہماری طاقت بھی بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو تباہ کرنا ہے تو انہیں آسان اور پر آسائش زندگی دیدیں، جدوجہد سے عاری زندگی تباہی کے سوا کچھ نہیں، جسکے جتنے زیادہ دشمن ہوں سمجھ جائیں وہ اتنا بڑا لیڈر ہے، مجھ پر کئی سیاست دانوں نے اربوں روپے کے ہرجانے کے دعوے کر رکھے ہیں۔

تازہ ترین