• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عائشہ گلالئی کی نا اہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ،24اکتوبرکوسنایاجائیگا

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کیخلاف عمران خان کے ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔فیصلہ 24اکتوبر کو سنایا جائے گا،الیکشن کمیشن نے وکیل سے قومی اسمبلی میں گلا لئی کی تقریر کا متن بھی مانگ لیا۔ عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کی،عمران خان کے وکیل سکندر بشیر مہمند الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل میں کہا کہ عائشہ گلالئی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرکے اپنے بیان سے منحرف ہوگئیں، پارٹی پالیسی سے انحراف پر عائشہ گلالئی کی اسمبلی رکنیت منسوخ کی جائے ،عائشہ گلالئی کا پارٹی چھوڑنے کے لئے تحریری طور پر استعفی دینا لازم نہیں،چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ کی جماعت سے مستعفی ہونے کا طریقہ کار کیا ہے،عمران خان کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کے آئین میں کسی رکن کے لئے استعفے دینا کا مروجہ طریقہ کار نہیں،پارٹی چیئرمین کسی بھی رکن کو معطل یا پھر بے دخل کرسکتے ہیں، گلالئی کسی حلقے سے ووٹ لیکر قومی اسمبلی کی رکن منتخب نہیں ہوئیں، عائشہ گلالئی پی ٹی آئی کی فہرست پر مخصوص نشست پر نامزد کی گئیں، پارٹی چیئرمین کے ڈیکلریشن کے بعد عائشہ گلالئی کی اسمبلی رکنیت منسوخ کی جانی چاہئے، عمران خان کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عائشہ گلالئی کے وکیل بیرسٹر مسرور نے دلائل شروع کرتے ہوئے ریفرنس میں لگائے گئے الزا ما ت کو مسترد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی کو شوکاز نوٹس مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد پوسٹ کیا گیا، شوکاز نوٹس مقررہ تاریخ کے بعد پوسٹ کرنے سے بدنیتی سامنے آتی ہے، پارٹی سربراہ نے جان بوجھ کر عائشہ گلالئی کو جواب دینے کا موقع فراہم نہیں کیا،عائشہ گلالئی سے 17 اگست تک جواب مانگنے کا شوکاز نوٹس 18 اگست کو پوسٹ کیا گیا،بیرسٹر مسرور نے کوریئر کمپنی کی بکنگ اور ڈلیوری کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلالئی نے تحریک انصاف نہیں چھوڑی، عائشہ گلالئی نے 7 اگست کو قومی اسمبلی میں مستعفی نہ ہونے کی وضاحت بھی دی،الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کے وکیل سے قومی اسمبلی اجلاس میں عائشہ گلالئی کی تقریر کا متن مانگ لیا۔بیرسٹر مسرور نے کہا کہ عمران خان نے عائشہ گلالئی کے جواب کو دیکھے بغیر ہی ریفرنس اسپیکر اور الیکشن کمیشن کو بھیج دیا، عمران خان نے ذاتی عناد کی بنیاد پر عائشہ گلالئی کی اسمبلی رکنیت کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہے، عائشہ گلالئی نے پارٹی چھوڑنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، پارٹی چھوڑنے کے ارادہ کا اظہار مستعفی ہو جانا نہیں ہوتا،وکلاکے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تازہ ترین