• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت مذہبی امور میں موجود کالی بھیڑوں کو نکالا جائے، قائمہ کمیٹی سینیٹ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) سینٹ قائمہ کمیٹی مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے چیئرمین سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا ہےکہ حاجیوں کو بھجوانے والی پرانی کمپنیوں اور وزارت کی ملی بھگت سے امسال حجاج کرام کو مسائل کا سامنا رہا ہے، پرانی کمپنیوں نے نئے ناموں سے رجسٹر ڈ ہوکر حجاج کرام کو لوٹا ہے، افسران کیخلاف کارروائی کی جائے ، وزارت مذہبی امور میں موجود کالی بھیڑوں کو باہر نکالاجائے۔سپریم کورٹ کے حکم پر بھی پرانی کمپنیوں کے ہی انتیس لوگوں کو ہی کوٹہ دے دیا گیا ،وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج آپریشن میں خامیوں کا ملبہ سعودی عرب پر ڈالنے سے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔ پرائیوٹ ٹوئرز آپریٹر سے ملے ہوئے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، مافیا نے 60اور 40فیصد حج کو ٹہ کو ناکام بنانے کے لیے ملی بھگت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوے کیا۔وزیر مملکت پیرامین الحسانات نےبتایا کہ تمام پرانی کمپنیوں کو ختم کردیا گیا ہے۔ امسال حج کے موقع پر معمولی غلطیاں ہوئیں کوئی بڑی غلطی نہیں ہوئی ، قائد ایوان سینٹ راجہ ظفرالحق نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے حجاج کے مسائل سے متعلق ذمہ داری سعودی حکومت پر ڈالی ہے جبکہ سعودی حکومت نے ذمہ داری وزارت مذہبی امور پاکستان پر ڈالی ہے ۔ان اختلافاتی بیانات سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر پڑتا ہے۔اراکین کمیٹی نے کہا فراڈ کرنیوالے والوں کیخلاف مقدمہ درج کیوں نہیں کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نے اس معاملے پرتحریری تفصیلات اگلے اجلاس میں طلب کرلی۔
تازہ ترین