• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی بنائینگے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں نام نہاد قوم پرست سیاستدانوں کوعوام کی کوئی سپورٹ حاصل نہیں ،یہ نام نہاد قوم پرست یونین کونسل کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے ہیں، سندھ میں اب ہم اپنی گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی بنائیں گے، کراچی آپریشن میں پولیس ، رینجرز اور حساس اداروں کی مدد سے بہت بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور آپریشن کا سہرا شہر کے لوگوں کو بھی جاتاہے جنہوں نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تعاون کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے یہ باتیں وزیر اعلیٰ ہائوس میں نیشنل سیکوریٹی ورکشاپ کے 190رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی سربراہی ریر ایڈ مرل زین ذوالفقار ایس آئی (ایم) چیف انسٹریکٹر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کررہے تھےجبکہ وفد میں 16انسٹرکٹر بھی شامل تھے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی شہر میں دہشت گر دوں کو فنانسنگ کی دو صورتیں تھیں (الف)تاجروں سے بھتہ لینا (ب) کھالیں اور فطرہ زبردستی حاصل کرنا، ہم نے ان دہشتگردوں کے خلاف زبردست آپریشن کررکے ان کی کمر توڑ دی ہے اور دہشتگروں کی فنانسنگ کو بھی روک دیاہےاور اس وقت سب سے بڑا چیلنج امن کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، صوبہ سندھ ملک کی 70فیصد گیس پیدا کرتا ہے لیکن سندھ کو اس کے اپنے حصے کی پوری گیس بھی نہیں ملتی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم اب اپنی گیس ڈسٹریبیوشن کمپنی بنانے جارہے ہیں۔
تازہ ترین