• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کے ریونیو میں کمی پہلی سہ ماہی کا خسارہ 11ارب سے زائد

کراچی (اسد ابن حسن) قومی ایئرلائن کی انتظامیہ نے گزشتہ برس کی سالانہ رپورٹ تو جاری نہیں کی مگر رواں برس کی پہلی سہ ماہی کی آڈٹ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق ایئرلائن کا مجموعی خسارہ اور ادائیگیوں کا حجم 424 ارب 77 کروڑ 2 لاکھ 21 ہزار روپے ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی کا خسارہ 11 ارب 48 کروڑ 30 لاکھ 3 ہزار روپے تھا جبکہ 2016ء کی پہلی سہ ماہی کا خسارہ 6 ارب 3 کروڑ 86 لاکھ 67 ہزار روپے تھا۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو رواں برس ایئرلائن کا خسارہ 44 سے 50 ارب روپے سالانہ ہوگا کیونکہ اب سال ختم ہونے میں صرف دو ماہ رہ گئے ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ رواں برس کی پہلی سہ ماہی کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جبکہ سشماہی رپورٹ بھی بورڈ کی منظوری کے بعد جلد شائع کردی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ایئرلائن کے ریونیو میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ مسافروں سے 19 ارب 94 کروڑ 61 لاکھ 66 ہزار روپے وصول ہوئے۔ کارگو کی مد میں 99 کروڑ 19 لاکھ 73 ہزار، زائد بیگیج کی مد میں 18 کروڑ 29 لاکھ 52 ہزار روپے، چارٹر طیاروں کی مد میں 10 کروڑ 5 لاکھ 32 ہزار روپے دیگر ایئرلائن کو انجینئرنگ سروسز فراہم کرنے کی مد میں 7 کروڑ 82 لاکھ 47 ہزار روپے، ہینڈلنگ اور اس سے ملحقہ سروسز کی مد میں 6 کروڑ 64 لاکھ 74 ہزار روپے، خطوط اور مراسلے بھجوانے کی مد میں 4 کروڑ 30 لاکھ 34 ہزار روپے، ایئرلائن کے زیرانتظام ہوٹلوں کے کمروں، کھانا اور مشروبات کی مد میں 2 ارب 4 کروڑ 23 لاکھ 52 ہزار اور دیگر کی مد میں ایک ارب 16 کروڑ 4 لاکھ 12 ہزار روپے وصول ہوئے۔ اس طرح مجموعی آمدنی 24 ارب 61 کروڑ 21 لاکھ 42 ہزار روپے پہلی سہ ماہی میں ہوئی۔ ایرلائن نے تنخواہوں، لیگل فرم، اسپیئر پارٹس اور اسٹور، یوٹیلیٹیز، کمیونی کیشن، انشورنس، کھانے، پرنٹنگ، اسٹیشنری اور دیگر کی مد میں پہلی سہ ماہی میں زائد اخراجات کیے۔ یہ رقم 19 ارب 65 کروڑ 27 لاکھ 78 ہزار روپے رہی۔ رپورٹ کے مطابق ایئرلائن کے مجموعی اثاثوں کی مالیت دسمبر 2016ء میں 210 ارب 57 کروڑ 36 لاکھ 36 ہزار روپے تھی جو مارچ 2017ء میں کم ہوکر 212 ارب 34 کروڑ 46 لاکھ 34 ہزار روپے ہوگئی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایکیوٹی کی مالیت پہلی سہ ماہی میں 260 ارب 6 کروڑ 9 لاکھ 45 ہزار روپے رہی۔ مذکورہ سہ ماہی میں ایئرلائن نے ایندھن کی مد میں 8 ارب 13 کروڑ 32 لاکھ 38 ہزار روپے خرچ کیے جبکہ 2016ء کی اسی مدت کی سہ ماہی میں یہ رقم کم تھی جوکہ 5 ارب 25 کروڑ 68 لاکھ 58 ہزار روپے تھی اسی مدت میں ʼدیگرکی مد میں 17 ارب 81 کروڑ 91 لاکھ 27 ہزار روپے جوکہ رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں بڑھ کر 19 ارب 65 کروڑ 27 لاکھ 78 ہزار روپے ہوگیا۔
تازہ ترین