• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیداواری شعبوں کی ترقی کیلئے جامع اقدامات کررہےہیں،غلام مرتضیٰ جتوئی

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیرصنعت وپیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہاہے کہ حکومت ملک میں صنعت و پیداوار کے شعبوں کی ترقی کیلئے جامع اقدامات پر عمل پیرا ہے ، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پرنسپل انفارمیشن آفیسرمحمد سلیم بیگ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پر وزارت صنعت وپیداوار وذیلی اداروں کے سربراہان اور انفارمیشن گروپ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت عوام کی بہتری اورملک کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کیلئے صنعتی شعبے کی ترقی اوربڑھوتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، پیداوار میں اضافے کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں جن کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان صنعت اورٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون اورترقی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اسٹیل ملز کے معاملات کو بہتر بنانے کیلئے کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ ویلیو ایڈیشن بھی ہمارا مطمع نظر ہے ، حکومت معیاری پیداوار کو یقینی بنانے کیلئے کام کررہی ہے۔
تازہ ترین