• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریٹائرڈ پروفیسر کی بورڈ آف گورنر کے اجلاس میں شرکت

کراچی (سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے افسران کی انتظامی امور میں ناتجربہ کاری کے باعث بورڈ آف گورنرز میں پرنسپل کی نشست سے منتخب ہونے والے آدمجی کالج کے پرنسپل پروفیسر نسیم حیدر کا ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بورڈ آف گورنر کے اجلاس میں شریک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پروفیسر نسیم حیدر یکم جون 2017کو ریٹائر ہوگئے تھے، قواعد کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کو پرنسپل کی ریٹائرمنٹ پر نشست کو خالی قرار دے کر نیا انتخاب کرا دینا چاہئے تھا تاہم بورڈ نے ایسا نہیں کیا جس کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پروفیسر نسیم حیدر بی او جی کے اجلاس میں شریک ہوتے رہے جس کی وجہ سے بی او جی کے فیصلوں کی اور اس کی قانونی حیثیت پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ بورڈ کے قائم مقام سیکریٹری عظیم احمد نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ نسیم حیدر کی بطور پرنسپل ریٹائرمنٹ کا علم حال ہی میں ہوا ہے۔ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بورڈ آف گورنرز کے دو اجلاسوں میں شریک ہوئے۔ اصولاً انہیں شرکت نہیں کرنی چاہئے تھی اور اپنی ریٹائرمنٹ سے آگاہ کرنا چاہئے تھا کیونکہ ریٹائرمنٹ کے بعد اب ان کی نشست خالی ہوچکی ہے۔ اس نشست پر دوبارہ انتخاب کرانا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ساری صورتحال سے بورڈ کے چیئرمین کو آگاہ بھی کر دیا ہے تاکہ اس خالی نشست پر جلد انتخاب کرایا جا سکے۔
تازہ ترین