• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قندیل بلوچ قتل کیس، مفتی عبدالقوی کی ضمانت خارج، پہلے فرار پھر گرفتار

Todays Print

ملتان (نمائندہ جنگ)سیشن جج ملتان نے ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں ملزم مفتی عبدالقوی کی درخواست ضمانت خارج کردی،ملزم مفتی عبدالقوی عدالت سے فرار ہوگئے،پولیس نے شہر سے باہر جاتے ہوئے شیر شاہ بائی پاس کے قریب گرفتار کرلیا،مفتی عبدالقوی تھانہ چہلیک منتقل،آج عدالت پیش کیا جائیگا،کیس کے تفتیشی سب انسپکٹر نور اکبر کو نااہلی پر گرفتار کر کے ملازمت سے برطرف کردیا گیا،تفصیلات کے مطابق سیشن جج ملتان کی عدالت میں مفتی عبدالقوی نے اپنے وکیل محبوب عالم خان کےذریعے درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری دائر کی تھی کہ اس نے قبل ازیں بھی24 جولائی کو درخواست ضمانت دائر کی تھی جو 11 ستمبر کوواپس لینے پر خارج کردی گئی تھی تاہم اب دوبارہ اس کو مذکورہ مقدمہ میں ملو ث کرکےاس کی دینی ،سماجی اورسیاسی شخصیت کوداغ دارکرنے کی کوشش کی جارہی ہے،ضمانت منظور کی جائے۔

فاضل عدالت نے قرار دیا کہ اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کےمطابق دوسری درخوا ست ضمانت صرف کسی نئی وجوہ کی بنیادپردی جاسکتی ہے جبکہ ملزم کی پہلی اوردوسری درخواست ضمانت ایک جیسی ہیں کوئی نئی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے نیز پولیس نے ملزم کاقندیل بلوچ اورمقدمہ کے ملزموں کے ساتھ رابطہ کا کال ڈیٹاحاصل کیاہے جس کی روشنی میں ملزم ٹھہرایا گیا ہے اورکوئی بدنیتی بادی النظرمیں سامنے نہیں آئی اس لئے ضمانت خارج کی جاتی ہے۔عدالت نے مقدمہ کی سماعت30 اکتوبرتک ملتوی کردی،قبل ازیں عدالت نے سماعت کے بعدفیصلہ کچھ دیر کے لئے ملتوی کیاتومفتی عبدالقوی ضمانت خارج ہو نے اورگرفتاری کے پیش نظر ضلع کچہری سے چلے گئےجس کی وجہ سے ان کو احاطہ عدالت سے گرفتارنہیں کیاجاسکا۔قبل ازیں مفتی عبدالقو ی نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وہ مکمل طورپر بے گناہ ہیں اوران کو بدنیتی سے مقدمہ میں ملوث کیا گیا ہے اس لئے انھوں نے خودکو عدالت کے سامنے پیش کردیاہے اوراپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔

بعد ازاں مفتی عبدالقوی کو پولیس کی خصوصی ٹیم نے مظفر گڑھ کی طرف گاڑی پر جاتے ہوئے شیر شاہ بائی پاس کے قریب گرفتار کرلیا،انہیں پہلے پولیس لائن لایا گیا جہاں سی پی او کےدفتر میں انہیں پیش کیا گیا بعد ازاں تھانہ چہلیک منتقل کردیا گیا ۔دریں اثناء سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد سلیم نے قندیل بلوچ کیس کے تفتیشی افسر نور اکبر کو ناقص تفتیش،مفتی عبدلقوی کو بھگانے پر گرفتار کر لیا،اور پولیس آرڈر کے تحت مقدمہ درج کرکے تھانہ چہیلک کی حوالات میں بند کردیا گیا جس کے بعد اسے ملازمت سے بھی برخاست کر دیا گیا ۔

تازہ ترین