• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام الحق کی ون ڈے ڈیبیو پر سنچری،ناقدین کےمنہ بند

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے نوجوان امام الحق نے اپنے پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں سنچری بناکر اپنے ناقدین کے منہ بند کردیئے۔ پاکستان ٹیم میں ان کی سلیکشن کو انضمام الحق کی جانب سے جانب داری کے طور پر دیکھا گیا لیکن امام الحق کی کارکردگی نے سب کو خاموش کردیا۔ امام الحق کہتے ہیں کہ اگر انضمام الحق میرے چچا ہیں تو اس میں میرا کیا قصور ہے۔لیکن میں مانتا ہوں مجھے اس رشتے سے ضرور یاد کیا جائے گا، البتہ میں ایک کھلاڑی ہوں ہمیشہ اچھا پرفارم نہیں کروں گا، خراب کھیلوں گا، تو تنقید بھی ہوگی۔ لیکن اس کا سب سے آسان جواب پرفارمنس ہے۔مجھے خود پر بہت زیادہ بھروسہ ہے۔ اولین ون ڈے انٹرنیشنل میں سنچری کو بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں ، پتہ نہیں تھا کہ یہ اعزاز حاصل کرنے والا دوسرا پاکستانی ہوں۔ جب آؤٹ ہو کر آیا تو کپتان سرفراز نے اس بارے میں بتایا۔ امام الحق نے سنچری کا کریڈٹ محمد حفیظ کو دیتے ہوئے کہا کہ حفیظ بھائی نے میچ سے قبل مجھے گرین کیپ بھی دی، بیٹنگ کے دوران مجھے کریمپ پڑ گئے تھے تو اس وقت بھی انھوں نے میری ہمت بڑھائی اور مذاقاً کہا کہ اگر تم غلط شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے تو تمہیں جوتے پڑیں گے۔
تازہ ترین