• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف فیملی کے خلاف تفتیش یا شواہد جمع کرنے لندن نہیں آیا، وقاص ڈار

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) قومی احتساب بیورو کے پراسیکیوٹر جنرل وقاص ڈار نے ان کی لندن آمد کا سبب نواز شریف اور ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کی زیر ملکیت ایون فیلڈ کے 4فلیٹوں کی ملکیت کے حوالے سے تفتیش اور شواہد اکٹھا کرنا قرار دینے سے متعلق خبروں کو جعلی اور من گھڑت قرار دیا ہے، جیو نیوز سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے اس طرح کی خبروں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مکمل طور پر تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لندن سرکاری حیثیت سے آئے ہیں لیکن اس کا نواز شریف اور ان کے بیٹوں کے خلاف نیب کے مقدمات سے قطعی نہیں ہے اور یہ کہنا قطعی غلط ہے کہ میں نواز شریف، حسن اور حسین نواز، مریم صفدر اور کیپٹن صفدر کے خلاف ریفرنسز سے متعلق معاملات کی تفتیش کرنے والی نیب کی ٹیم کا حصہ ہوں انھوں نے کہا کہ یہ خبر دینے والے رپورٹر نے اپنی ذمہ داری ایمانداری سے نہیں انجام دی اور ایسی خبر بنا دی جس کی کوئی بنیاد ہی نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ میں نیب کا پراسیکوٹر جنرل ہوں تفتیش کار نہیں ہوں، میرا کام پراسیکیوشن ہے تفتیش کرنا نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ یہ بے بنیاد خبر چلانے والے میڈیا ہائوس کو میں قانونی نوٹس بھیجوں گا۔ رپورٹرز کی جانب سے اپنا ہوم ورک مناسب طور پر نہ کرنا اور بے بنیاد خبریں چلا کر جھوٹے تاثر دے کر ساکھ خراب کرنا افسوسناک ہے، وقاص ڈار نے کہا کہ لندن بھیجنے کیلئے نیب کی ایک ٹیم قائم کی گئی ہے لیکن اس حوالے سے ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے اور ابھی تک یہ بات طے نہیں کی گئی کہ یہ ٹیم کب لندن آئے گی، انھوں نے کہا کہ اگر نیب کی ٹیم لندن آئی تو وہ دو تفتیش کاروں پر مشتمل ہوگی جو عدالت کے احکامات پر عمل کرے گی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ نیب نے برطانوی حکام کو باہمی قانونی معاونت کیلئے خط لکھا ہے اور شریف فیملی کے ایون فیلڈ کے فلیٹ نمبر16,16A,17 اور17A کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں، لیکن برطانوی حکومت نے پاکستان کو اس کا جواب نہیں دیا، نیوز نے اس سے قبل یہ خبر دی تھی کہ نیب کے سابق چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نواز شریف فیملی اور ان کی پراپرٹیز کے بارے میں تفتیش کرنے کیلئے ٹیم کیلئے اصولوں کی منظوری دیدی تھی، ٹیم نے ویزا کیلئے درخواست دیدی ہے اور ویزا کی منظوری کے بعد ٹیم حسین اورحسن نواز کے بیانات قلمبند کرنے کیلئے لندن پہنچ جائے گی نیب کے ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ نیب کے جن 3ارکان نے ویزا کیلئے درخواست دی ہے انھیں ابھی تک ویزا نہیں دیا گیا ہے اور ویزا ملنے کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ٹیم لندن آئے گی یا نہیں۔
تازہ ترین