• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روہنگیا مسلمانوں کو میانمار کی شہریت دلانے کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی)عالمی برادری یونائیٹڈ نیشن کے انسانی حقوق کے چارٹر کے مطابق روہنگیا کے مسلمانوں کو میانمار کی شہریت دلانے میں کردار ادا کرے تاکہ روہنگیا کے مسلمان اپنی آئینی و قانونی حیثیت کے مطابق میانمار میں ہی اپنی زندگی گزارسکیں۔ ان خیالات کا اظہار محی الدین ٹرسٹ کے زیراہتمام امدادی رقوم، واٹرپمپ، پینے کا صاف پانی سمیت خوراک ادویات بنگلہ دیش بارڈر پر کیمپوں میں مقیم روہنگیا تارکین میں تقسیم کرنے کے بعد واپس برطانیہ آنے کے بعد صاحبزادہ نورالعارفین صدیقی نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تقریباً 1500 خاندانوں میں امدادی فوڈز اور صاف پانی تقسیم کیا۔ برطانیہ سے عوام انفرادی سطح پر نہیں بلکہ جو چیرٹیاں وہاں پر کام کرنے کے لئےرجسٹرڈ ہیں انکے ساتھ تعاون کرکے امداد کی جائے تو بہتر نتائج اخذ کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ سے بنگلہ دیش تک کا سفر ایک مشکل مرحلہ ہے وہاں پر مقامی ایم پی کے ساتھ مل کر سب سے پہلے اپنی چیرٹی اور امداد رجسٹرڈ کراکر آگے بڑھنا پڑتا ہے۔ کیمپ میں امداد اس مسئلے کا مستقل حل نہیں بلکہ OICاور UNOمل کر مہاجرین کو میانمار میں آباد کاری کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی مسائل کے حل کیلئے امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا، باہمی اتحاد و یکجہتی سے ہی مسائل کا حل کیا جاسکتا ہے۔ برطانیہ میں اتحاد بین المسالک اور اتحاد بین المذاہب کی اشد ضرورت ہے اتحاد کا ہماری نوجوان نسل پر بھی مثبت تاثر پڑے گا۔
تازہ ترین