• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”محبت تم سے نفرت ہے“ اور ”خان“ کی آج آخری اقساط

کراچی (محمد ناصر) پاکستان کے سب سے بڑے اور مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ کے دو میگا سیریلزاپنے اختتامی لمحات تک آگئے ہیں۔ محبت اور نفرت کی زنجیر سے بندھے رشتوں کی کہانی ”محبت تم سے نفرت ہے“ کی آخری قسط جمعہ کی رات 8 بجے نشر کی جائے گی جبکہ پاور فُل ڈائیلاگز، جاندار اداکاری، دلکش مناظر، خوبصورت عکاسی، شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور مقبول اداکاراؤں سے سجی تہلکہ خیز سیریل ”خان“ کی آخری قسط رات 9 بجے نشر ہوگی۔ ڈرامہ سیریل ”محبت تم سے نفرت ہے“ کو معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے انتہائی خوبصورتی سے تخلیق کیا تھا یہی وجہ ہے کہ اِس سیریل کی ہر قسط نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھااور اب آخری لمحات میں کہانی کا اختتام کس انداز میں ہوگا یہی سب جاننا چاہتے ہیں۔ لو ، رومانس اور سسپنس سے بھر پور لو ٹرائی اینگل اسٹوری میں ٹی وی اسٹار عائزہ خان اور عمران عباس کی شاندار اداکاری نے سیریل کو یادگار بنا کر عوام کے دِلوں میں اس دلچسپ کہانی کے نقوش چھوڑ دیئے ہیں۔ ”محبت سے نفرت اور نفرت سے محبت میں بدلتی سبق آموز کہانی کے اختتامی لمحات میں کیا ہوگا؟۔ ڈرامہ دیکھ کر عوام کے یہ بے تابی آج ختم ہوجائے گی۔ دوسری طرف دہشت ، وحشت، سفاکیت ، غم اور خوشی کے آنسوؤ ں کےساتھ، تجسس و اضطراب اور گرجتے برستے ڈائیلاگز سے سجا ڈرامہ سیریل ”خان“ بھی اپنے پر کشش جملوں کے ذریعے لوگوں کے دِلوں پر راج کرتا رہا۔ سیریل کے مرکزی کردار نعمان اعجاز کے پاورفُل ڈائیلا گز نے بھی خوب دھوم مچائی اور طویل عرصے تک عوام کو اپنا گرویدہ بنایا۔ عتیقہ اوڈھو بھی سیریل کا حصہ بنیں، شائستہ لودھی نے بھی منفرد اداکاری کے جلوے دکھائے۔ اِس کے علاوہ اعجاز اسلم نے بھی اپنی پرفارمنس سے ڈرامے میں جان ڈال دی تھی۔ نعمان مسعود، اسد ملک، صبا حمیدو دیگر نے بھی ”خان“ کو اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے یادگار بنایا۔ سید عاطف علی نے اس ڈرامے کو بہت شاندار انداز میں تحریر کیا ، علی فیضان نے مہارت سے ہدایتکاری کی اور یہ خوبصورت پیشکش بابرجاوید کی تھی۔ ڈرامہ سیریل ”خان“ کی آخری قسط شب9 بجے نشر کی جائے گی۔
تازہ ترین