• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکسپورٹرز کیلئے وزیر اعظم پیکیج میں سے نصف پر 10فیصد گروتھ کی شرط ختم

اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر )وفاقی حکومت نے برآمد کنندگان کے لیے وزیر اعظم کے180ارب روپے کےمراعاتی پیکیج میں سے نصف پر 10فیصد گروتھ کی شرط ختم کردی اب برآمد کنندگان کو یکم جولائی 2017سے 30جون 2018کے دوران نصف مالیت کی برآمدات پر ڈیوٹی و ٹیکس ڈرا بیک بغیر کسی شرط کے دیا جائے گا جبکہ نصف برآمدات پر 10فیصد گروتھ کی شرط برقرار رکھی گئی ہے،گزشتہ برس کے مقابلے میں برآمدات میں 10فیصد یا اس سے زیادہ گروتھ دینے کی صورت میں ہی ڈیوٹی ڈرا بیک کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں گے، برآمدی پیکیج میں اس ترمیم کی منظوری وزیر اعظم نے ای سی سی اجلاس میں دی تھی جس پر عملدرآمد کانوٹیفیکشن جاری کر دیاگیا ہے،وزیراعظم نے برآمدی پیکیج میں ترمیم کی منظوری برآمدکنندگان اور متعلقہ وزارتوں سے مشاورت کے بعد دی،برآمد کنندگان نےگزشتہ برس کی طرح 10فیصد گروتھ کی شرط کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت نے نصف برآمدات کے لیے یہ سہولت فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ،نوٹیفیکشن میں سٹیٹ بنک کو پابند کیاگیا ہے کہ برآمد کنندگان کے ڈیوٹی ڈرا بیک کے کلیمز بنکوں کی جانب سے جمع کرانے کے 48گھنٹوں کے اند ر کلیئر کریں جبکہ متعلقہ بنک کلیمز جمع کرانے کے 15روز کے اندر سٹیٹ بنک کو کلیمز بھیجنے کے پابند ہونگے اور سٹیٹ بنک کی جانب سے کلیرنس کے بعد 24گھنٹوں میں برآمد کنندہ کے اکائونٹ میں فنڈز منتقل کریں گے،وزارت تجارت نے افریقہ ، جنوبی امریکا، غیر یورپی یونین کے ممالک ( البانیہ ، جبرالٹر، آئی لینڈ ،کوسوو، لتھیونیا،مقدونیا ، ناروے ) اور اوشیانا ( آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ، سوما ، ٹونگا، امریکی سوما، نورفولک جزائر )دولت مشترکہ کے آزاد ممالک (یوکرائن ، بیلاروس، قزاقستان ، ازبکستان ، جارجیا ، آزربائیجان ، ترکمانستان ، مولدووہ، کرغزستان ، تاجکستان)کے ممالک میں برآمد ات کرنیوالوں کو 2فیصد اضافی ڈیوٹی ڈرا بیک کی سہولت کی منظوری بھی دی۔
تازہ ترین