• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچرے کا ڈھیر ختم کرنا چیلنج‘ بحریہ ٹاؤن نے ساتھ دیا، میئر کراچی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی سے کچرے کا ڈھیر ختم کرنا ایک چیلنج ہے جسے ہم نے قبول کیا ہے اور اس ٹارگٹ کو ہر صورت حاصل کریں گے، ہمیں اپنے اختیارات کا علم ہے لیکن ہاتھ پائوں چھوڑ کر نہیں بیٹھنابلکہ گرائونڈ پر رہنا ہے، بحریہ ٹائون نے ہمارا ساتھ دیا ہے اور وہ کراچی کے تمام اضلاع سے کچرے کا ڈھیر ختم کرنے کیلئے ہمارے ساتھ میدان میں موجود ہیں، نیوکراچی سے تمام کچرا اُٹھنے تک کام جاری رکھا جائے گا،جو افسران کام کرنا نہیں چاہتے وہ ازخود عہدہ چھوڑ دیں اور چھٹی لے کر چلے جائیں، خاکروبوں کے ساتھ جو افسران سازباز کرکے ان سے کمیشن یا پیسے وصول کر رہے ہیں اگر آج کے بعد ایسا ہوا تو وہ افسران اپنے آپ کو فارغ سمجھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع وسطی میں بحریہ ٹائون کے تعاون سے جاری صفائی مہم کے سلسلے میں گلبرگ ٹائون کے دفتر میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، منتخب بلدیاتی قیادت، افسران اور علاقے کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین ، عبدالوسیم، صوبائی اسمبلی کے ارکان جمال احمد، عظیم فاروقی، وسیم قریشی، سٹی کونسل کی اراضیات کمیٹی کے چیئرمین سید ارشد حسن ، چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین شاکر علی کے علاوہ کے ایم سی اور بلدیہ وسطی کے سربراہان محکمہ جات اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہم مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اور ہمیں اپنے ان مسائل کو حل کرنا ہے، وسائل کم ضرور ہیں لیکن اس کے باوجود شہر کے کاموں کو مکمل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مشینری نہیں لہٰذا بحریہ ٹائون کے تعاون سے صفائی ستھرائی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے دوران شہر کی تمام یوسیز سے کچرا صاف کریں گے ، افسران اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کا دبائو قبول نہ کریں، آج سے یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین افسران و عملے کے ساتھ گرائونڈ پر ہوں گے اور صبح سے لے کر رات تک صفائی ستھرائی اور دیگر کاموں کی نگرانی کریں گے۔
تازہ ترین