• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کرپٹ ترین ادارہ، تھانے کچہری میں انصاف بکتا ہے، شہبازشریف

لاہور (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب کرپشن ختم کرنے کے بجائے کرپٹ ترین ادارہ بن چکا ہے ،سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا، 70؍ برس سے بے لاگ احتساب نہیں ہوااور اس کا دور دور تک نام و نشان نہیں، تھانے میں انصاف کے نام پر ظلم ہوتا ہے، تھانے کچہری میں انصاف بکتا ہے، پاکستان کی وحدت اور یگانگت مضبوط ہوگی تو ہم سب مضبوط ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار کے طلباءسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ماڈل ٹاؤن میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے طلباءکو لیپ ٹاپ دیئے اور کالج کےلئے نئی بس دینے اور کالج میں رہائشگاہیں بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کالج کے لئے جدید سائنس لیب بھی بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق سے صوبوں کو وسائل کی تقسیم این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے ہوتی ہے۔ 2010ءمیں سیاسی قوتوں نے مشاورت کےساتھ این ایف سی ایوارڈ پر اتفاق رائے کیا۔ وہ کام جو مشرف ڈنڈے کے زور پر نہ کرا سکا سیاسی قوتوں نے پیار، محبت اور باہمی مشاورت سے کر لیا۔ انہوںنے کہا کہ ہم اپنے مقاصد اور ترجیحات سے ہٹ گئے ہیں، 60؍ اور 70؍ کی دہائی میںکرپٹ شخص منہ چھپاتا پھرتا تھا لیکن بدقسمتی سے کرپشن آج معاشرے کا حصہ بن چکی ہے اور کرپٹ ہی ناجائز دولت کی نمود و نمائش کرتے ہیں اور لوگو ںکے جذبات او احساسات کا خون کرتے ہیں۔
تازہ ترین