• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میمن گوٹھ،رینجرز سے مقابلہ،لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کا خطرناک دہشتگرد ہلاک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز نے خفیہ اطلاع پر میمن گوٹھ میں مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے خطرناک دہشت گرد کو ہلاک کرکے اسکے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے2 ساتھی موقع سے فرارہوگئے۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجود گی کی اطلاع پر ملیر میمن گوٹھ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا ، رینجرز اہلکاروں نے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا ، رینجرز نے کسی بھی شخص کو علاقے میں داخل یا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی، رینجرز اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی طرف پیشقدمی شروع کی تو دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہونے لگے ، رینجرز کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ، جبکہ اسکے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ینجرز اہلکاروں نے ہلاک ہونے والے دہشتگرد کے قبضے ایس ایم جی، 9 ایم ایم پستول اور ہینڈ گرینیڈاپنی تحویل میں لے کر لاش قریبی اسپتال منتقل کی جہاں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت لیاری گینگ وار ملیر کے کمانڈر غفور چھوٹو کے نام سے ہوئی ہے،ملزم لیاری گینگ وار کمانڈر نور محمد عرف بابا لاڈلہ اور رحمان ڈکیت کا قریبی ساتھی تھا اور علاقے میں خوف اور دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا ، دہشت گرد 20 سے زائد جرائم کی وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا، دہشت گرد سال 2006 میں حب کے علاقے میںہلاک ہونے والے تین غیر ملکیوں کے قتل میں بھی ملوث تھا ، دہشت گرد پولیس پر حملوں اور کئی اہلکاروں کو زخمی کر نے اور اسکے ساتھ ساتھ بھتہ خوری ، منشیات فروشی اور اغواہ برائے تاوان جیسی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھا، رینجرز نے کارروائی کے بعد لاش کو ورثاءکے حوالے کردیا۔
تازہ ترین