• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی قانون سے بالاتر نہیں، سپریم کورٹ احکام پر من و عن عمل کرینگے، چیئرمین نیب

اسلام آباد (اے پی پی)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب میں ترقی اور تعیناتی صرف اور صرف میرٹ، سینارٹی، پرفارمنس اور قانون کے مطابق کی جائے گی۔ صوبوں کے کوٹہ پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور کسی صوبہ سے نا انصافی نہیں ہو گی، سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا اور سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں ہمیشہ اُردو میں خطاب کروں گا ۔ ان خیالات کا اظہار قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کے شعبہ ہیومن ریسورس (ایچ آر ایم) کی کارکردگی کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل اور بدعنوان افسران /اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی، محنتی، دیانتدار، قابل اور فرض شناس افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افسران/اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کوئی افسر/اہلکار قانون سے بالاتر نہیں جہاں قانون ہمیں اختیار دیتا ہے وہاں قانون ہمیں اختیارات کے غلط استعمال سے روکتا ہے اور خود احتسابی کا درس دیتا ہے۔
تازہ ترین