• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاستدانوں کو قرضے نہ دینے والے بینکوں پر جرمانہ عائد کیا جائے

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سابق اراکین قومی اسمبلی اور ان کی ازواج کو بھی سرکاری پاسپورٹ ملےگا، قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی نے تمام بینکوں کو سیاستدانوں کو قرضے اور قسطوں پر گاڑیاں دینے کی سفارشات جاری کردیں اور سٹیٹ بنک سے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے اقدامات کرے۔ چئیرمین کمیٹی رانا قاسم نون نے اجلاس کی صدارت کی، کمیٹی نے کہاکہ جو بنک سیاستدانوں کو قرضے فراہم نہ کرے اسے جرمانہ عائد کیا جائے، اجلاس میں سیاستدانوں کے خلاف مہم چلانے کے معاملے پر غور کیاگیا اور کہاگیا کہ بعض چینلز پر سیاستدانوں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے جاتے ہیں۔ چیئرمین پیمرا نے کہاکہ ایک چینل کی جانب سے فوجی افسر کے خلاف پروگرام کیاگیا اور چینل نے فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی۔ ابصار عالم نےکہاکہ اینکر کو معافی مانگنے کا کہا مگر معافی نہیں مانگی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اجلاس میں آئی بی کے مبینہ خط کا معاملہ تاحال حل نہ ہو سکاارکان پارلیمنٹ نے معاملے کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی اجلاس میں آئی بی کے مبینہ خط سے متعلق تحریک استحقاق کا جائزہ لیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی میاں امتیاز احمد کی جانب سے تحریک جمع کرائی گئی ہے،کمیٹی نے کہاکہ آئی بی مبینہ خط سے تمام ارکان کو تکلیف پہنچی ہے، 37 ارکان پر سنگین الزامات عائد کئے گئے، دہشتگردی کا شکار ہونیوالے والوں کو بھی دہشتگرد قرار دیا گیا ہے، بلال ورک نے کہاکہ چار بار قومی اسمبلی کے رکن بننے والوں کو دہشتگرد قرار دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر یہ لسٹ اصلی ہے تو ثبوت دیئے جائیں کہ کن دہشتگرد تنظیموں سے روابط ہیں،کمیٹی نے آئی بی مبینہ خط سے متعلق تحریک استحقاق موخر کردی۔اجلاس میں عائشہ گلالئی کی ایک تحریک استحقاق پر ایف آئی اے کو اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی، عبد المجید خان خانخیل کی تحریک پر زرعی ترقیاتی بنک کے صدر کو طلبی کے احکامات جاری کئے گئے۔ کمیٹی کے ایک اور سوموٹو نوٹس پر زرعی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر کو کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔
تازہ ترین