• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ چار سال میں محکمہ صحت میں جتنی اصلاحات ہوئی ہیں وہ پورے ملک میں کسی بھی محکمے یا ادارے میں نہیں ہوئیں,شہرام خان

پشاور(جنرل رپورٹر)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال میں محکمہ صحت میں جتنی اصلاحات ہوئی ہیں وہ پورے ملک میں کسی بھی محکمے یا ادارے میں نہیں ہوئیں،جو کام پچھلے65سالوں میں نہیں ہو سکے وہ ہم نے صرف چار سالوں میں کرکے دکھایا اگرچہ اب بھی بہت بہتری کی گنجائش ہے لیکن ہم نے صحت کے نظام کو درست سمت پر ڈال دیا ہے۔ اداروں کو مکمل مالی اور خود مختاری دے کر انہیں مضبوط کر نے کے ساتھ ساتھ ان میں سیاسی مداخلت کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا ہے جسکے نتیجے میں ان کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور صوبے کے طبی نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہو گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر میڈیکل کالج پشاور میں ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ نفسیات نے کیا تھا۔ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کو نفسیاتی اور دماغی امراض میں مبتلا لوگوں کی بحالی اور علاج معالجے کیلئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ آجکل معاشرے میں نفسیاتی اور ذہنی امراض میں مبتلا لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو حکومت سمیت پورے معاشرے کیلئے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور موجودہ صوبائی حکومت نے اس مسئلے کی سنجیدگی کو سامنے رکھتے ہوئے حال ہی میں خیبر پختونخوا منٹل ہیلتھ ایکٹ2017ء نافذ کر دیا ہے جس کے تحت خیبر پختونخوا مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو ذہنی اور نفسیاتی امراض میں مبتلا افراد کے علاج معالجے اور ان کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔ ڈاکٹروں ،ماہرین نفسیات اور میڈیکل کے طلباء کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
تازہ ترین