• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد اعظم یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے ضلعی انتظامیہ کوفری ہینڈ

اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار)معلوم ہوا ہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرانے کے سلسلے میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو فری ہنڈ دے دیا ہے ، انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی عمل کی بحالی اولین ترجیح ہونی چاہئے اس سلسلے میں فوری اقدام کیاجائے، یونیورسٹی میں احتجاج کے نام پر ہڑتال فوری ختم ہونی چاہئے ۔یونیورسٹی میں احتجاج ختم کرانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اورطلبا کے درمیان مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر مشتاق احمد ،ایس ایس پی ساجد کیانی اور ایس پی صدرحسام نے طلبا سے مذاکرات کئے ۔ طلبا نے فیس میں اضافہ کا نوٹیفیکیشن واپس لینے پر احتجاج ختم کرنے کی یقین دہانی کر ادی ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق وزیر مملکت بلیغ الرحمان نے فیسوں میں اضافہ واپس لینے کی یقین دہانی کرا دی ہے ، وہ فیسوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن لے کر یونیورسٹی پہنچیں گے جس کے نتیجہ میں جمعہ سے یونیورسٹی میں تدریسی عمل بحال ہوجائیگا طلبا کی ہڑتال کے باعث یونیورسٹی میں تدریسی عمل گزشتہ دو ہفتوں سے معطل تھا۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے مقدمات میں ملوث طلبہ کی گرفتاری کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کر لی ہے اور 37طلبہ کے مجاز عدالت سے وارنٹ گرفتاری بھی حاصل کر لئے ۔
تازہ ترین