• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں میں بھرتیوں پر پابندی عائد

اسلام آباد (ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) وزارت توانائی نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں میں بھرتیوں پر پابندی لگادی جس سے سینکڑوں امیدواروں میں مایوسی پھیل گئی۔ ذرائع کے مطابق اس باربھرتیوں کا عمل میرٹ اور شفاف طریقہ سے جاری تھا مگر اچانک وزارت کی طرف سے نوٹیفکیشن نے تمام سٹیک ہولڈر کو حیران کر دیا ۔گزشتہ سال ان کمپنیوں میں بھرتیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اس سال ان بھرتیوں کو شفاف بنانے اور میرٹ پر تقرریوں کے لئے طریقہ کار اپنایا گیا تاکہ ان کمپنیوں میں یونین اور دیگر افسران مداخلت نہ کرسکیں۔ مختلف کمپنیوں میں سینکڑوں پوسٹوں پر نہ صرف ٹیسٹ مکمل ہو چکے تھے بلکہ بعض جگہ پر انٹرویو بھی ہوچکے تھے زیادہ تر پوسٹیں میٹر ریڈرز اور دیگر شعبوں کی ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ بھرتی کے عمل میں سیاسی اثرو رسوخ اور با اثر افراد کی بھرتیوں میں مداخلت کو روکا گیا تھا ان بھرتیوں میں ممبران پارلیمنٹ اور دیگر ارکان کی طرف سے اپنے کارکنوں کو ایڈجسٹ نہ کراسکنے کی وجہ سے وزارت پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ مبینہ طور پر آئیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے چیئرمین نے بھی گزشتہ ہفتہ بھرتیوں کے عمل میں مداخلت پر استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ انہوں نے اپنے استعفیٰ کی وجہ اپنی مصروفیت بتائی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں میں مایوسی بڑھ گئی ہے جبکہ ٹیسٹ کے نام پر لی گئی لاکھوں کی رقم کون واپس کرے گا۔
تازہ ترین