• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے کا جناح ایونیو پر تجاوزات کیخلاف آپریشن

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) تجاوزات کیخلاف آپریشن کو بلاامتیاز جاری رکھا جائیگا‘ اس ضمن میں کسی دبائو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اسلام آباد کے تمام علاقوں تک اس آپریشن کو وسعت دی جائے تاکہ وفاقی دارالحکومت کے قدرتی حسن کو برقرار رکھا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے میئرو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے تجاوزات آپریشن کارکردگی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اُنہیں بتایا گیا کہ جناح ایونیو پر بڑی عمارات کے آگے خودساختہ تجاوزات کو علیٰ الصبح آپریشن کے ذریعے ختم کر دیا گیا۔ این آئی سی ایل بلڈنگ اور بینک کے سامنے غیرقانونی بیریئرز ختم کر دیئے گئے جبکہ ایک ٹاور کے سامنے خودساختہ حفاظتی باڑ اور اوجی ڈی سی کے مرکزی دفتر کے سامنے غیرقانونی سکیورٹی کیبن توڑ کے بیریئرز کو ضبط کر لیا گیا۔ جناح ایونیو پر ہی ایک بینک کی عمارت کے سامنے گاڑیوں کی رکاوٹ کیلئے لگائی جانیوالی آہنی زنجیروں کو ضبط اور سڑک پر بنائے جانیوالے بیریئرز بھی ختم کر دیئے گئے۔ آپریشن کے دوران اسلام آباد کے ایک بڑے مال کے انٹری پوائنٹس پر غیرقانونی لوہے کی جالیوں اور فٹ پاتھ پر قائم تجاوزات سمیت حدود سے باہر قائم گارڈ پوسٹ کو بھی ختم کر دیا گیا۔ شیخ انصر عزیز نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ازخود تجاوزات ہٹا دی جائیں بصورت دیگر اُنہیں مکمل ختم کر دیا جائیگا۔ اس ضمن میں 3دن کے وارننگ نوٹس بھی جاری کئے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین