• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ن کی حکومت میں سیاسی و معاشی استحکام آیا، حاجی پرویز

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلجیم کے صدر حاجی پرویز نے کہا ہے کہ پاکستان میں میاں نوازشریف کی گزشتہ چار برسوں کی حکومت کا موازنہ کیا جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں سیاسی، اقتصادی اور معاشی استحکام آیا بلکہ وطن عزیز نے عالمی سطح پر نمایاں مقام بھی حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور حلیف جماعتوں نے مل کر ابھی چائنا کی طرف سرمای کاری کا رخ کیا تو اس خیال کو بڑی تقویت پہنچی کہ پاکستان معاشی طاقت میں ایشیا کا ٹائیگر بننے والا ہے۔ مگر بعض طاقتوں نے اپنے مفاد کی خاطر پاکستان کے داخلی استحکام اور قومی اتفاق رائے پر کاری ضرب لگاکر سارے نظام کو درہم برہم کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ حاجی پرویز نے مسلم لیگ (ن) بلجیم کے مرکزی اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی بقا میاں نوازشریف کی قیادت میں مضمر ہے۔ کیونکہ اس کا براہ راست تعلق ہمارے داخلی استحکام سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرکے ایک اچھی روایت قائم کی ہے۔ حالانکہ انہیں اپیل کے حق سے بھی محروم رکھا گیا، جبکہ آئین کی رو سے حکمرانوں کو منتخب کرنے اور انہیں ووٹ کے ذریعے اقتدار سے محروم کرنے کا آئینی حق عوام کو حاصل ہے، مگر بدقسمتی سے ہماری قومی اتفاق رائے مفقود ہوتی جارہی ہے۔ جس سے سماجی اقدار روبہ زوال ہیں۔ حاجی پرویز نے کہا کہ خریف جماعتیں اختلاف کی بجائے اختلاف برائے تعمیر کی پالیسی اختیار کریں تو معاشرے میں سدھار ممکن ہوسکتا ہے۔ لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہم اپنے وطن پر فخر کرنے کی بجائے خرابیاں ڈھونڈتے رہتے ہیں۔ جس سے ایک طرف ملکی نظام کو دھچکہ لگتا ہے تو دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر جگ ہنسائی کا موجب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ان کے رہنمائوں سے محروم کردینا داخلی استحکام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
تازہ ترین