• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر ملین مارچ برلن سے عالمی حمایت میں اضافہ ہوگا، ڈاکٹر پرویز محمود

نیو کاسل (پ ر) پی ٹی آئی کشمیر نارتھ آف انگلینڈ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر پی ٹی آئی کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے27اکتوبر کو جرمنی کے دارالحکومت برلن میں مارچ کے اعلان سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی۔ مسئلہ کشمیر ایک قومی ایشو ہے جس پر کشمیریوں کو یکجا ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی۔ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کشمیر ملین مارچ کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی حمایت میں اضافہ ہوگا یہ ملین مارچ کشمیریوں کی بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی کی نوید ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری نے کہا برلن کشمیر ملین مارچ کی افادیت اور اہمیت کو سمجھتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں، تنظیموں اور سول سوسائٹی کو اپنی شرکت یقینی بناکر ایک آواز بن کر عالمی ضمیر کو جگانے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، یہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ انسانوں کے بنیادی حقوق کا مطالبہ ہے جو کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کی چکی میں پس رہے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کشمیری قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں جو سالہا سال سے برطانیہ، یورپ اور امریکہ جیسے ممالک میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف سینہ سپر ہوکر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے چلے آرہے ہیں۔
تازہ ترین