• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کا بلجیم سیکریٹریٹ کمیونٹی کو متحد کرے گا، سردار صدیق

برسلز (عظیم ڈار)پاکستان تحریک انصاف بلجیم سردار صدیق گروپ نے برسلز سینٹرکی پہلی منزل پر PTI سیکریٹریٹ آفس کا افتتاح کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے پی ٹی آئی بلجیم کے ممبرشپ کوآرڈینیٹر شعیب خان نے کیا۔ اس موقع پر PTIبلجیم کے انتخابات میں صدارت کے امیدوار سردار صدیق خان نے پی ٹی آئی کے ممبران کو عندیہ دیا کہ PTIسیکرٹریٹ میں ہم عمران خان کے نظریے اور سوچ کی بنیاد پر کمیونٹی کو متحد کرکے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں نے وزارتیں تو حاصل کرلیں لیکن ملک اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے غریب عوام کی آواز بن کر میدان میں آئے ہیں، وہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے ملک میں انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں۔ پروگرام میں پختون انجمن بلجیم کے صدر اور سینئر رہنما تحریک انصاف ریاض خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں منتخب ہونے والے صدر کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے دوسرے گروپ والے بھی ہمارے ہی ساتھی اور بھائی ہیں، ہمیں پارٹی کے اندر مثال پیدا کرنے کیلئے آپس میں اتفاق و اتحاد کی فضا کو برقرار رکھنا چاہئے۔سینئر رہنما سلیم میمن نے کہا کہ PTIاس وقت بلجیم کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہوئے عمران خان کے نظریے کو گھر گھر پہنچانا ہے، PTIبلجیم کے ممبرشپ کوآرڈینیٹر شعیب خان نے سیکرٹریٹ کی بنیاد کو PTIیورپ کا قلعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ٹھوس بنیادوں پر عوام کے اندر شعور اور آگاہی کی مہم کا آغاز اور مثبت سیاست کو رواج دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ اوورسیز پاکستانیوں کو متحد رکھنے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے نمایاں کردار ادا کرے گا۔ بابا احسان نے کہا کہ ہم سردار صدیق کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہیں پارٹی کا صدر ہونا چاہیئے تاکہ یہ مزید بہتر کام کرنے کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لائیں، کینتھ رائے او ر دیگر ممبران نے بھی موجودہ حالات میں پی ٹی آئی اور عمران خان کی پاکستان کیلئے کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی سوچ اور فکر کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔ پروگرام میں بھٹی برادران، محمد نعیم اور دیگر اراکین PTIنے شرکت کی اس موقع پر نعرے بھی لگائے گئے اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تازہ ترین