• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتباع رسولؐ اپنا کر اسلام کاپیغام پھیلایا جائے، عمران عطاری

لیسٹر (ابرارمغل)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی عمران عطاری نے جامعہ مسجد عثمانیہ لیسٹر کے زیراہتمام محفل سے خطاب کرتے ہوئے امت مسلمہ پر زور دیا کہ اتباع رسولؐ اپنا کر زندگی کے ہر میدان میں اپنے طرز عمل اور حسن اخلاق سے پیغام اسلام کو پھیلایا جائے، انہوں نے کہا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، ہر فرد کوقرآن و سنت پر عمل پیرا ہوکر زندگی بسر کرنے عزیزواقارب، والدین سے حسن سلوک سے پیش آکر اپنی آخرت کو سنوارا جائے، انہوں نے کہا کہ ہمیں ریاکاری اور نمودونمائش سے بچتے ہوئے خالصتاً قرب الٰہی کے لئے عبادت کے ساتھ خدمت خلق کرنی چاہئے، انسان کی تخلیق کا مقصد قرب الٰہی اور انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے اسلامی بھائیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی معاشرے میں اپنی نوجوان نسل کی اسلامی اصلاح و تربیت کے لئے ان کا ناتہ دعوت اسلامی جیسی عالمگیر تحریک سے جوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی امت مسلمہ کے ہر فرد کی اصلاح و تربیت اور رہنمائی کے لئے مختلف پروگرام اور کورسز ترتیب دیتی رہتی ہے جن سے استفادہ کرنا ضروری ہے، اس محفل میں شریک مختلف کاروباری حلقوں پر زور دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کاروبار سنت نبویؐ ہے، اس لئے اس کو عبادت سمجھ کر پوری ایمانداری اور دیانت سے کیا جانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ دنیا سے بے نیاز ہوکر اللہ عزوجل پر بھروسہ کرتے ہوئے نہ صرف کاروبار بلکہ دیگر زندگی کے معاملات کو چلانا چاہئے کیونکہ رازق صرف اللہ کی ذات ہے۔ اس محفل سے رکن شوریٰ حاجی عبدالحبیب عطاری نے معاشرے کے سلگتے مسائل اور مختلف معاشرتی برائیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سب سے ضروری یہ ہے کہ ہمیں اپنا کردار اور طرزعمل ٹھیک کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بے شمار برائیوں اور مشکلات کی وجہ ہم خود ہیں اس لئے ہمیں خود کو ٹھیک کرکے دوسروں کی اصلاح کرنی ہوگی۔ محفل کے انتظامات دعوت اسلامی لیسٹر کے اسلامی بھائیوں اور عمران اشرف عطاری نے کئے تھے، اس محفل میں لیسٹر میں آباد گجراتی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مدنی محفل کا اختتام رقت انگیز دعا اور صلٰوۃ و سلام کے ساتھ ہوا۔
تازہ ترین