• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقیاتی پیکیج میں جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج کاقیام شامل ہے، گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ حیدرآباد کی پہلی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد وزیر اعظم پاکستان نومبر میں رکھیں گے جبکہ کراچی ترقیاتی پیکیج کے فنڈز رواں مہینہ سے ملنے شروع ہوجائیں گے ، کراچی ترقیاتی پیکج میں جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج اور اسپتال کاقیام بھی شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی میں وزیر اعظم پاکستان کی لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت تیسرے مرحلہ میں 172 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع ، پرووائس چانسلر ڈاکٹر لبنیٰ بیگ، ڈین ، پروفیسر ز اور طلبہ و طالبات بڑی تعدا د بھی موجو د تھی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یونیورسٹی کے پوزیشن ہولڈرز ہو نہار طلبہ و طالبات کو ان کے والدین سمیت جلد گورنر ہائوس میں مدعو کیا جائے گا تاکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی اور دیگر کو ترغیب حاصل ہو سکے ،ہو نہار طلبہ و طالبات ملک کا سنہری مستقبل ہیں ، ان کی حوصلہ افزائی دراصل ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کی بنیاد ہے ۔ گورنر سندھ نے طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طالب علم شب و روز اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ مرکوز رکھیں،یہی وقت ان کے روشن مستقبل کا تعین کرے گا ، محنت و لگن سے کام کرنے والے طلبہ و طالبات اپنا مستقبل سنوار سکتے ہیں اور جن طلبہ و طالبات نے اس وقت کو گنوا دیا تو پھر ساری زندگی سوائے پچھتاوے کے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
تازہ ترین