• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شارجہ،چیمپئنز کا بھرپوروار، سری لنکا ناک آئوٹ، چوتھا ون ڈے سات وکٹ سے جیت لیا

شارجہ ( جنگ نیوز) چیمپئن پاکستان نے بے حوصلہ سری لنکن ٹیم کوبھرپوروار کرتے ہوئےناک آئوٹ کردیا۔ چوتھے ون ڈے میں بھی زیر کرتے ہوئے کلین سوئپ کی جانب مارچ جاری رکھا۔ دنیا کے نمبر ایک ون ڈے بولر حسن علی کی تین وکٹوں کے بعد بابراعظم اور شعیب ملک کی ناقابل شکست نصف سنچریوں کی بدولت گرین شرٹس نے میچ میں سات وکٹ سے فتح حاصل کی۔ چوتھے ون ڈے میں بھی پاکستان نے یک طرفہ مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دیدی۔ پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 174 رنز کا ہدف 39 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ شعیب ملک نے زوردار چھکا لگا کر میچ کا اختتام کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا۔ سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں اپنا ڈیبیو کرنے والے امام الحق چوتھے ون ڈے میں صرف دو رنز ہی بنا سکے۔ فخر زمان بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 17کے انفرادی اسکور پر دننجیا نے انہیں اسٹمپڈ آؤٹ کرا دیا۔ پاکستان کو تیسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں ہوا جو 58 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر پراسنا کی گیند پر گماگے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ تین وکٹیں جلد گر جانے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مین آف دی میچ بابر اعظم اور شعیب ملک نے 69، 69 رنز کی اننگز کھیلیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 119 کی شراکت قائم ہوئی۔ اس سے قبل سری لنکن بیٹسمین کستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم 44 اوورز میں 173 رنز پر ہمت ہار گئی۔ سری لنکا کی جانب سے نروشان ڈکویلا اور اپل تھرنگا نے اننگز کا آغاز کیا۔ ون ڈے ڈیبیو کرنے والے عثمان شنواری نے اپنے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر اِن فارم سری لنکن قائد اپل تھرنگا کو صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔ سری لنکا کو دوسرا نقصان پانچویں اوور میں ہوا جب ڈکویلا 22 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ مہمان ٹیم کا اسکور 59 تک پہنچا تو چندیمل 16 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین سمیرا سمارا وکراما بغیر کوئی رنز بنائے عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ سری وردنا کو 91کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے صرف 13رنز پر ہی چلتا کیا۔ سکوگو پرسنا 99کے مجموعی اسکور پر شاداب خان کی گگلی پر کلین بولڈ ہو ئے۔ اگلی ہی گیند پر شاداب نے تھسارا پریرا کو بھی سلپ میں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ حسن علی نے دننجیا کو 142 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد کے ہاتھوں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ لہیرو تھریمانے کو عماد وسیم نے 62 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ کرایا۔ لہیرو گماگے کو حسن علی نے ایک رنز پر کلین بولڈ کیا۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 لنکن بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاداب خان اور عماد وسیم نے 2، 2 وکیٹں حاصل کیں جبکہ جنید خان اور عثمان شنواری کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔ قومی ٹیم میں فاسٹ بولر عثمان شنواری کو ون ڈے ڈیبیو کر ایا جبکہ رومان رئیس کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ تیسرے ون ڈے میں باہر بیٹھنے والے عماد وسیم کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ان کے لئے فہیم اشرف کو جگہ خالی کرنا پڑی۔
تازہ ترین