کراچی (جنگ نیوز) پاکستان سپرلیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کی رائزنگ اسٹار ٹیم ہفتے کو صبح چار ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے آسٹریلیا روانہ ہورہی ہے جہاں لاہور قلندر کے بینر تلے منتخب ہونے والے کھلاڑی سڈنی سکسرز، سڈنی تھنڈرز اور ہوبارٹ سے مقابلہ کریں گے۔ کھلاڑیوں کی آسٹریلیا روانگی سے پہلے اِن کے اعزاز میں ”قلندرز یوتھ نائٹ“ کے عنوان سے ایک رنگا رنگ تقریب الحمرا کمپلیکس میں منعقد کی گئی جس میں پاکستان کے ٹاپ سنگر عاطف اسلم اور اسرار نے شاندار پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔ اِس رنگا رنگ تقریب کو پاکستان کے پہلے نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ سے براہ راست نشر کیا گیا۔ نسیم راجپوت کی میزبانی میں تقریب کا آغاز ہوا۔ شرکت کےلئے آنے والے زیادہ ترلوگوں نے لاہور قلندرز کی ٹی شرٹ اور پاکستانی پرچم زیب تن کئے ہوئے تھے۔ آسٹریلیا روانہ ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں نے لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بہترین کرکٹ کھیلنے کا عزم ظاہر کیا۔ لاہور قلندر ز کے چیئرمین رانا فواد اور لاہور قلندر کے ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ لاہور قلندر کے مینٹور شعیب اختر اسٹیج پر آئے تو ہال میں ”شیبی شیبی“ کے نعرے گونج اُٹھے۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں لاہور قلندرز اور پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے جتنی زیادہ کوشش کرسکا کرتا رہوں گا۔ عمر اکمل نے بھی اس موقع پر شعیب اختر کو قلندرز کا حصہ بننے پر خوش آمدید کہا۔ تقریب میں لاہور قلندر رائزنگ اسٹار کے حوالے سے مرتب کی گئی ایک دستاویزی فلم بھی عوام کو دکھائی گئی۔ ایک موقع پر معروف گلوکار اسرار نے اپنے کلام پیش کرکے نوجوانوں کو جھومنے پر مجبور کردیا۔ اِن کے بعد اسٹیج پر عاطف اسلم کی آمد ہوئی تو پورا ہال ایک بار پھر ”عاطف عاطف“ کے نعروں سے گونج اُٹھا۔ مدھم روشنیوں میں پاکستان کے سپر اسٹار گلوکار عاطف اسلم نے اپنے گیت شروع کئے تو نوجوانوں کا جوش عروج پر پہنچ گیا۔