• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد عامر فٹ ہوگئے، سری لنکا سے ٹی 20سیریز کیلئے دستیاب

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) سری لنکا کےخلاف ون ڈے سیریز جیتنے والی ٹیم کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر فٹ ہوگئے ہیں وہ ٹی20 سیریز میں سلیکشن کے لئے دستیاب ہوں گے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے جمعے کو جنگ کو لاہور سے ٹیلی فون پر بتایا کہ میری محمد عامر سے فون پر بات ہوئی ہے اس نے بتایا ہے کہ میں نے نیٹ پر تین چار اوورز بغیر کسی تکلیف کے کرائے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی 20اگلے جمعے کو ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔ محمد عامر کی عدم موجودگی میں جنید خان، حسن علی، رومان رئیس نے ون ڈےسیریز میں شرکت کی۔ محمد عامر کو پنڈلی کی یہ تکلیف دبئی میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ہوئی تھی اور وہ اپنا اوور نامکمل چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت فٹنس پر مشروط قرار دی گئی ہے۔ انہیں ڈاکٹروں نے دو سے تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ سلیکٹرز نے جن سولہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ان میں عمر امین کا نام بھی شامل ہے ۔ عمر امین نے اپنا آخری ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل2014 میں کھیلا تھا جبکہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ 2010 میں شروع ہوکر اسی سال ختم ہوچکی ہے۔ عامر کو ابوظبی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں انھیں ایک بھی وکٹ نہیں مل سکی تھی۔ دبئی ٹیسٹ میں وہ صرف ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ ٹی 20 سیریز کے لئےپاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفراز احمد (کپتان)، احمد شہزاد، فخرزمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، بابراعظم، شاداب خان، عماد وسیم، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، عامر یامین، محمد عامر، رومان رئیس، عثمان شنواری اور عمر امین۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 26 اور 27 اکتوبر کو ابوظبی میں کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین