• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس نوجوان پلیئر کو موقع دیا اس نے خود کو منوایا، انضمام، امام کی سنچری پراطمینان ہوا

   کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور ماضی کے عظیم بیٹسمین انضمام الحق نے کہا ہے کہ امام الحق کی پہلے ہی انٹر نیشنل میچ میں سنچری سے اطمینان محسوس کررہا ہوں۔ لیکن ایک بڑا بیٹسمین بننے کے لئے امام کو ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔ جو ناقدین سلیکشن پر سوالات اٹھار ہے تھے، امام الحق کی کارکردگی ان کے لئے جواب ہے۔ کچھ لوگوں نے میرے بھتیجے کے سلیکشن کو مجھ سے منسوب کرکے میری ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی۔ لیکن اللہ ہی عزت دینے والا ہے۔ جمعے کو انضمام الحق جنگ کو خصوصی انٹرویو دے رہے تھے۔ خیال رہے کہ امام کے انتخاب کو چچا کی جانب سے بھتیجے کی سلیکشن کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ لیکن امام الحق نے اپنے اولین ون ڈے انٹرنیشنل میں سنچری بنا کر اپنے چچا کے موقف کو درست ثابت کر دکھایا ہے۔ امام الحق انضمام الحق کے بڑے بھائی انصرام الحق کے بیٹے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد میرے اور میرے ساتھیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن ہماری نیت صاف تھی۔ امام الحق کے سلیکشن پر غیرضروری سوالات اٹھائے گئے حالانکہ میں ایک سال سے چیف سلیکٹر ہوں میرے چیف سلیکٹر بننے کے بعد حسن علی، شاداب خان، فخر زمان، فہیم اشرف، رومان رئیس کو موقع دیا گیا سب نے اپنی صلاحیتیں منوائیں۔ میرے خیال میں شاداب خان کو ٹیسٹ میں بھی پرفارم کرنا چاہیے۔ ہم نےبابر اعظم ، حارث سہیل اور عثمان شنواری کو دوبارہ سلیکٹ کیا۔ اب ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد تنقید کا طوفان تھم گیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سلیکشن کمیٹی غلطی کرسکتی ہے کسی کے ساتھ جان بوجھ کر زیادتی نہیں کرے گی۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ وہ تنقید ضرور کریں لیکن تنقید کرتے ہوئے یہ بات ضرور ذہن میں رکھیں کہ کیا ان کی تنقید ٹھوس حقائق کی بنیاد پر ہے۔ امام الحق اس متعلق کہہ چکے ہیں کہ مجھے خود پر بہت زیادہ بھروسہ ہے۔ میں اس فیملی کا حصہ ہوں لہٰذا مجھ میں بہت پختگی ہے۔ جو لوگ باتیں کرتے ہیں میں ان کی بھی عزت کرتا ہوں لیکن میرے نزدیک اس کا بہتر جواب میدان میں دکھائی جانے والی کارکردگی ہے۔ انضمام الحق نے کہا امام الحق بچپن ہی سے پر جوش اور محنتی نوجوان تھا۔ میں اس کی گرومنگ کو مسلسل فالو کررہا تھا۔ اس لئے مجھے علم تھا کہ یہ باصلاحیت بیٹسمین ہے۔ سنچری کسی بھی بیٹسمین کی میراث ضرور ہے لیکن ابھی اس کے سامنے ایک لمبا کیریئر ہے۔ امام الحق کی سنچری میرے خاندان کے لئے فخر کی بات ہے۔ دوسری جانب میں امام الحق اپنے چچا انضمام الحق کو اپنا مینٹور سمجھتے ہیں لیکن ان کی رائے میں پسندیدہ کھلاڑی کوئی نہیں لیکن وہ یونس خان کی خوبیوں کے قائل ہیں۔ 
تازہ ترین