• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیلی نار پاکستان اور پلان انٹرنیشنل میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کا معاہدہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیلی نار پاکستان اور پلان انٹرنیشنل نے پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے ’’سول رجسٹریشن آف وائٹل اسٹیٹکس (سی آر وی ایس)‘‘ منصوبے کے استحکام کیلئے باہمی اشتراک کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں جسکے تحت پیدائش اور اموات جیسے اہم واقعات کے اندراج اور تصدیق کے ذریعے صحت ، تعلیم ، سماجی بہبود، اور آبادی کے بڑے حصوں کیلئے دیگر اہم منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کی جائیگی۔ پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 70فی صد بچوں کی کوئی رجسٹریشن نہیں ہوئی جسکے باعث یہ بچے غیر محفوظ ہیں کیونکہ پیدائش کی سند نہ صرف بچے کو قانونی شناخت دیتی ہے بلکہ اسے تعلیم، صحت، وراثت میں حصہ کے علاوہ کم عمر ی کی مشقت، کم عمری کی شادی اور بطور بالغ قانونی کارروائی سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ اس منصوبے کا اطلاق سندھ کے ضلع سجاول اور ٹنڈو محمد خان اور پنجاب کے ضلع چنیوٹ کی 60یونین کونسلوں میں ہوگا۔ اس منصوبے کی بنیاد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ٹیکنالوجی کے جدت انگیز استعمال پر رکھی گئی ہے جسکے ذریعے ڈیٹا رپورٹنگ اور تجزیہ ، کارکردگی کی مینجمنٹ، شفاف اور تیز ترین ادائیگیاں، عوامی خدمت اور بنیادی شہری حقوق تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس نئے منصوبے میں مقامی حکومتی اداروں کے علاوہ تعلیم و صحت کے اداروں اور ٹیلی نار فرنچائزز سمیت اہم شراکت دار کو شریک کیا جارہا ہے تاکہ ان علاقوں کے تمام ممکنہ اہم مقامات پر پیدائش کے اندراج کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس منصوبے کے تحت ان اضلاع میں اگلے سال 2018 کے اختتام تک پیدائشوں کے اندراج کے حجم میں اضافے کی امیدہے۔یہ منصوبہ بچوں کو شناخت کا حق فراہم کرکے انہیں تعلیم ، صحت اور دیگر ضروریات زندگی تک بہتر رسائی فراہم کرنے کی ہماری کوششوں کا تسلسل ہے۔ ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او عرفان وہاب خان نے اس متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا۔ مجھے امید ہے کہ یہ منصوبہ حکومت کواپنے مستقبل کے سماجی و معاشی بہبود کے منصوبوں کی بنیاد آبادی کے درست اعداد و شمار پر رکھ کر اس سے بہتر نتائج حاصل کرنے میں مدد دیگا۔‘‘پلان انٹرنیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر یوسف شامی کا کہنا تھا۔ ہم پاکستان میں پیدائش کے اندراج کے نظام کے اس انقلابی منصوبے کا حصہ ہونے پر فخر محسوس کررہے ہیں ۔
تازہ ترین