• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت میں بہتری آئی، وزیراعظم عباسی، مقامی کرنسی میں کاروبار پر تیار ہیں، ترک صدر

Todays Print

استنبول(اے پی پی‘آئی این پی) ترک صدر رجب طیب اردگان نے پاکستان سمیت 7ممالک کو مقامی کرنسی میں لین دین کرنے کی پیشکش کردی۔ ترک میڈیا کے مطابق استنبول میں ڈی 8 سمٹ اجلاس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران ، ملائیشیا، نائیجیریا، پاکستان اور ترکی پر مشتمل ڈی 8گروپ کو آپس میں تجارت مقامی کرنسی میں کرنے کی تجویزدے دی اور کہاکہ اگر ایسا ہوتا ہے توہماری معیشت ناکام نہیں ہوگی اور ڈالر کا دباؤ کم ہوگا‘جب ہم اپنی مقامی اور قومی کرنسی میں تجارت کریں گے تو جیت ہمارے ملک کی ہوگی۔

دریں اثناءوزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا ‘ملکی معیشت میں گزشتہ چارسال میں نمایاں بہتری آئی ہے ‘سی پیک کے تحت پاکستان ڈی ایٹ رکن ممالک کے ساتھ وسیع تر تجارتی و اقتصادی شراکت داری کا خواہاں ہے‘اجتماعی وسائل سے بھرپور استفا دہ کے لئے ہر سطح پر اور ہر میدان میں ہمارے درمیان تعاون اور اشتراک کار کی ضرورت ہے۔ اس بات کا اظہار وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعہ کو یہاں ترکی کی میزبانی میں 9 ویں ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان نے، جو 2012ء سے ڈی ایٹ کا چیئرمین بھی تھا، افتتاحی نشست میں ڈی ایٹ کی سربراہی ترکی کے حوالے بھی کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کوگزشتہ دہائی سے کئی چیلنجوں کا بھی سامنا رہا ہے۔

ہم نے اپنے ہمسائے میں عدم استحکام اور خطے اور اس سے باہر موجود فضاء سے جنم لینے والی دہشت گردی کی لہر کا سامنا کیا۔

تازہ ترین