• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن مستعفی

Todays Print

لاہور( نمائندہ جنگ )پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ ان کا بھائی پیپلز پارٹی چھوڑ کردوسری پارٹی میں شامل ہو گیا ہے اس لئے وہ پارٹی عہدے پر برقرار رہنا غیر اخلاقی سمجھتے ہیں تاہم وہ پارٹی کے وفادار ہیں ۔انہوں نے استعفیٰ پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو کو بھیج دیا جس کے بعدآصف علی زرداری نے بلاول ہائوس لاہور میں ندیم افضل چن سے علیحدگی میں ملاقات کی لیکن معلوم ہوا کہ ہے ندیم افضل چن نے واضح کیا کہ وہ فیصلہ واپس نہیں لیں گے ۔ پارٹی کےمرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد نے ندیم افضل چن کےاستعفے کی تصدیق کر تے ہوئے بتایا کہ ندیم افضل چن کے پارٹی سے کوئی اختلا ف نہیں ہیں ،وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں ، انہوں نےجمعرات کو اخلاقی بنیادوں پرعہدے سے اس لئے استعفیٰ دیا کیونکہ ان کے بھائی پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں،بلاول بھٹو نے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔

چودھری منظور احمد نے کہا کہ سیاسی اعتبار سے اگلے دو مہینے بہت اہم ہیں۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد کی پنجاب کے تنظیمی امور میں مداخلت کے باعث ندیم افضل چن ناراض تھے ، پنجاب میں چودھری منظور احمد ، صدر قمر زمان کائرہ اور ان کے ہم خیال رہنمائوں پر مشتمل مضبوط دھڑے نے تنظیمی امور سنبھالے ہوئے تھے اور ندیم افضل چن کو عملی طور پر غیر فعال بنا دیا گیا تھاجس پر ان کی گزشتہ کئی ماہ سے ناراضی چل رہی تھی ۔ ندیم افضل چن استعفیٰ دینے سے پہلے فون کے ذریعے چیئرمین بلاول بھٹو بات چیت کرنا چاہتے تھے لیکن ان کے پولیٹیکل سیکرٹری نے بتایا کہ بلاول بھٹو اجلاس میں مصروف ہیں ، اس کے بعد انھوں نے آصف علی زرداری سے بلاول ہائوس لاہور بھی رابطہ کیا لیکن ان کی پولیٹیکل سیکرٹری نے بھی جواب دیا کہ آصف علی زرداری اجلاس میں مصروف ہیں، ندیم افضل چن نے جھنجھلا کر تحر یر ی استعفیٰ بلاول بھٹو کو بھیج دیا جسے بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا گیا تو پارٹی حلقوں میں اچانک ہلچل مچ گئی ۔

آصف علی زرداری نے فوری طور پر ندیم افضل چن کو بلاول ہائوس لاہور طلب کیا لیکن ندیم افضل چن نے واضح کر دیا کہ وہ فیصلہ واپس نہیں لیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ندیم افضل چن کے استعفےسے پیپلزپارٹی پنجاب کی تنظیم میں دراڑیں پڑ گئی ہیں ۔اس لئے چند دنوں تک پارٹی استعفیٰ منظور نہیں کر ے گی جس کے بعد جنرل سیکرٹری کی ذمہ داریاں کسی سینئر رہنماکے سپر د کر دی جائیں گی ۔ 

تازہ ترین