• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیوروکریٹس کی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ، حکومت کا خود احتسابی کا فیصلہ

لاہور( نمائندہ جنگ ) مسلم لیگ (ن) کی حکومت نےوفاقی اور صوبائی اداروں میں ’’خود احتسابی عمل ‘‘ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سول بیوروکریٹس کی جانب سے مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی اطلاعات کے بعدوفاقی حکومت نے سرکاری افسروں سے ان کی منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔افسروں سےجائیداد، گاڑیوں،سرمایہ کاری، زیرتعلیم بچوں، بیرونی شہریت کی تفصیلات طلب کرلی ہیں،ملک اور بیرون ملک جائیدادوں کے علاوہ ایک سے زائد ممالک کی شہریت کی بابت تفصیلات بھی فراہم کرنا ضروری قرار دے دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کو موصولہ رپورٹس میں اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ سول بیوروکریٹس نے دوران سروس کنسٹرکشن، پراپرٹی کی خرید و فروخت، گاڑیوں کی لیزنگ سمیت مختلف سیکٹرز میں سرما یہ کاری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ ان کے بچے برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں تسلسل کے ساتھ سفر کرتے رہتے ہیں، بعض نے اپنے خاندانوں کو وہاں شفٹ کر رکھا ہے۔ ان رپورٹس کی روشنی میں خود احتسابی کے عمل کو موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
تازہ ترین