• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر کی اپیل منظور، جہانگیرترین کو 9 کروڑ 19 لاکھ کا ٹیکس نوٹس بحال

لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے خلاف 9 کروڑ 19 لاکھ کا زرعی ٹیکس کی وصولی پر نوٹسز کو بحال کر دیا ہےجبکہ جہانگیر ترین کے وکیل کا موقف تھا کہ جس زمین پر ٹیکس عائد کیا گیا وہ انکی ذاتی نہیں، اس پر صرف کاشتکاری کرتے ہیں، تمام ٹیکس ادا کیے، اپیل خارج کی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم اور جسٹس شاید وحید ہر مشتمل دو رکنی بنچ نے بورڈ آف ریونیو کی اپیل کی سماعت کی۔ بورڈ آف ریونیو نے موقف اختیار کیا کہ جہانگیر ترین نے اپنی اصل زرعی آمدن چھپائی جس ہر بورڈ آف ریونیو نے آمدن کا تخمینہ لگا کر انھیں 9 کروڑ 91 لاکھ کے زرعی ٹیکس کا نوٹس بھجوایا گیا لیکن ٹیکس ایپلیٹ ٹریبونل نے یہ نوٹس غیر قانونی قرار دے دیئے۔ بورڈ آف ریونیو کے وکیل نے استدعا کی کہ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ جہانگیر ترین کے وکیل نے کہا کہ زرعی آمدن چھپانے کا الزام غلط ہے۔ جہانگیر ترین کی جس زمین پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے وہ ان کی ذاتی نہیں بلکہ اس پر صرف کاشتکاری کرتے ہیں اور قانون کے مطابق بورڈ آف ریونیو صرف زمین کے مالکان پر ٹیکس کیا جاسکتا ہے۔ بطور کاشتکار جہانگیر ترین نے قانون کے مطابق تمام ٹیکس ادا کیا۔ اس لیے اپیل خارج کی جائے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیلٹ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے بورڈ آف ریونیو کا ٹیکس نوٹس بحال کر دیا۔
تازہ ترین