• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رائیونڈ کے بعدگنگا رام اسپتال میں بچے کی باہرفرش پر پیدائش

لاہور (نمائندہ جنگ )رائیونڈ کے بعد لاہور کے گنگا رام ہسپتال میں لاچار ماں نے ہسپتال انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث ایم ایس آفس کے قریب ٹھنڈے فرش پر بچے کو جنم دے دیا خاتون چہل قدمی کیلئے وارڈ سےباہر نکلی تھی اچانک بچے کی پیدائش ہو گئی۔ وزیر اعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ کی 48گھنٹوں میں تحقیقات کیلئے4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔جمعہ کے روز صبح10 سے11 بجے کے درمیان بادامی باغ کی رہائشی حاملہ خاتون بشریٰ ریاض جو گزشتہ روز گنگا رام ہسپتال گائنی ایمرجنسی میں زچگی کیلئے داخل ہو ئی۔ جمعہ کی صبح خاتون کو اس کے اہل خانہ چہل قدمی اور کھانے پلانے کیلئے کینٹین کی جانب لے آئے جہاں خاتون نے ایم ایس آفس کے سامنے موجود انڈر پاس کے شروع میں اچانک بچے کو جنم دے دیا جس پر ہسپتال انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور انہوں نےفوری خاتون کو فرش سے اٹھا کرا سٹریچر کے ذریعے نرسز کی موجود گی میں گائنی ایمرجنسی لیبر روم منتقل کر دیا تاہم واقعہ کی میڈیا پر خبر نشر ہونے پر ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کی بھی دوڑیں لگ گئیں اور وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ہسپتال پہنچ گئے۔مذکورہ خاتون کے خاوند محمد ریاض اور دیگر لواحقین کے مطابق بشری ٰریاض گزشتہ رات سے سرگنگا رام ہسپتال میں ڈلیوری کیلئے گائنی ایمرجنسی میں داخل ہے جہاں اس کا ڈاکٹرز نے معائنہ کیا اور جمعہ کی صبح بھی اس کو ضروری ہدایات دیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی ڈلیوری کا وقت نہیں ہوا -اسی دوران بشری ریاض اپنی ساس کے ہمراہ ہسپتال کی کینٹین پر جوس پینے کے لئے جا رہی تھیں کہ انڈر پاس سے گزرتے ہوئے ڈلیوری ہو گئی -ڈاکٹرزکے مطابق غیر متوقع (Spontaneous) ڈلیوری ہوئی ہے -اس موقع پر مذکورہ خاتون کے اہل خانہ نے کہا کہ ہسپتال میں ان کی مکمل دیکھ بھال کی گئی ہے اور اس حوالے سے انہیں ہسپتال عملہ سے کوئی شکایت نہیں -صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بشریٰ ریاض اور اس کے اہل خانہ ہسپتال عملہ سے پوری طرح مطمئن ہیں تاہم اس قسم کے واقعات کے تدارک اور اس واقعہ کی چھان بین کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے -خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی واقعہ کا نوٹس لے کر انکوائری کا حکم دیا ہے اور تحقیقات کیلئے پروفیسر ڈاکٹر ایاز محمود کی سربراہمی میں 4رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو آئندہ 48گھنٹوں میں واقعہ کی تحقیقات مکمل کرے گی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زچہ و بچہ کی صحت تسلی بخش ہے اور ہسپتال میں ہی زیر علا ج ہیں جنہیں آئندہ 24گھنٹے ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین