• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ چھوڑنے والوں کو زلت ورسوائی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا، فاروق حیدر

لندن (آصف ڈار) آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نوازشریف ہیں اور وہی رہیں گے۔ ان کے سوا کوئی اور پارٹی لیڈر نہیں بن سکتا۔ ہفتہ کی شام یہاں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی دھڑے بندی نہیں اور نہ ہی کوئی رہنما پارٹی کو چھوڑ کر جائے گا۔ (ن) لیگ کے رہنمائوں کا مستقبل (ن) لیگ کے ساتھ ہی وابستہ ہے۔ اس پارٹی کو جو چھوڑ کر جائے گا، اس کو ذلت و رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے ہر پارٹی میں ہوتا ہے، مگر مسلم لیگ (ن) کے تمام لوگ میاں نوازشریف کی قیادت میں دونوں نام نہاد بڑی پارٹیاں ناکام ہوگئی ہیں۔ جو پارٹیاں صوبوں کو نہیں چلا سکیں وہ ملک کو کیا چلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ2018ء کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہوگی، کیونکہ اس نے پانچ سال میں اپنی کارروائی دکھائی ہے۔ اس نے ملکی معیشت کو مضبوط کیا ہے۔ کرپشن کا خاتمہ کیا اور لوڈشیڈنگ کو کافی حد تک ختم کردیا ہے۔ ایک اور سوال پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کا اغوا درست نہیں ہے۔ اگر کسی نے سیاسی کارکنوں کو اغوا کیا ہے تو اس سے ملک کی بدنامی ہوتی ہے۔ عالمی سطح پر اس کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ سماجی رابطہ سائٹ پر جعلی آئی ڈی کے ذریعے نفرت اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سائبر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ راجہ فاروق حیدر نے اپنے دورہ یورپ کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقاتیں کرکے انہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کیا ہے۔ کشمیر کے عوام کو یورپی پارلیمنٹ کے حوالے مسئلہ کشمیر پر2018ء میں خوشخبری ملے گی، جس کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر پیش رفت بھی ہوگی۔
تازہ ترین