• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امت مسلمہ کی کامیابی تفرقہ بازی سے محفوظ رہنے میں ہے، علامہ ڈاکٹر خالد محمود

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) اسلامک اکیڈمی یوکے، کے سربراہ مفکر اسلام سابق جسٹس (ر) ڈاکٹرعلامہ خالد محمود خالد نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے اختتام پر صفر المظفر کا مہینہ کامیابیوں اور امت مسلمہ کے اتحاد کا پیغام لے کر شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہارؓ اور صحابہ کبارؓ کی قران و سنت کی روشنی میں پیروی سے عالمی سطح پر درپیش امت مسلمہ کی مشکلات اور مسائل کا حل ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی جامع مسجد لانگ سائٹ مانچسٹر میں خصوصی تقریب اور وفودسے گفتگو اور خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مفکر اسلام ڈاکٹر جسٹس (ر) علامہ خالد محمود نے کہا کہ اللہ کے پیارے رسول کریمﷺ نے امت کے متحد ہو کر چلنے کے لئے سیدنا ابوبکرؓ، سیدنا عمر بن خطابؓ، سیدنا عثمان غنیؓ اور سیدنا علی کرم اللہ وجہہؓ کی اپنی زندگی بے پناہ تعریف فرمائے۔ اس کی حکمت یہ تھی کہ امت تفرقہ بازی سے محفوظ رہے اور قرآن و سنت کی راہ پر چلے۔ انہوں نے پاکستان میں ختم نبوت کی آئینی شق میں چھیڑ چھاڑ کرنے پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) ضیاء الحق نے مجھ (علامہ ڈاکٹر خالد محمود) سے امریکی منکرین ختم نبوت کے مطالبہ پر ختم نبوت کی آئینی پوزیشن کا پوچھا تھا تو میں نے ضیاء الحق کو مشورہ دیا تھا کہ آپ بغیر کسی دبائو میں آئے امریکیوں سے صاف کہہ دیں کہ وہ اس سلسلہ میں کوئی اقدام کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے موقع پر اس حلف نامے کی تبدیلی غلطی نہیں بڑی ہی بدنیتی کا اقدام تھا، اسے جتنا بھی براقدام کہا جائے حق اور درست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو باہمی اتحاد پیدا کرنے کے لئے تمام ترفقہی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہونا چاہئے۔ انہوں نے برما کے مسلمانوں کے قتل عام اور صومالیہ میں دہشت گردی سے بھاری جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں مفتی محمد امین، مولانا احسان الحق ڈیوز بری، مولانا محمد یونس اولڈہم، مولانا محمد یونس بلیک برن، حافظ مظہر حسین، حافظ صفدر حسین، بلال منیر، مبشر حسین، اسفندریار، مسعود وڑائچ ثقلین برنلے اور دیگر کمیونٹی رہنمائوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فراز سہگل کے مرحوم والد کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ خطیب سٹی جامع مسجد مفتی فیض الرحمٰن نے تمام علمائے کرام اور عوام الناس کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔
تازہ ترین