• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کے لئے اپنی کوششیں مزید تیز کردی ہیں،امجد بشیر

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) یورپی ممبر پارلیمنٹ امجد بشیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کیلئے انہوں نے اپنی کوششیں مزید تیز کردی ہیں۔ یورپی پارلیمنٹ میں اپنی معیاد ختم ہونے سے پہلے دیگر ملکوں کے ممبران کو کشمیریوں کا ہمنوا بناکر جائیں گے اور تحریک حق خودارادیت یورپ سے مل کر مسئلہ کشمیر پر ایک منظم پروگرام کے تحت کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے دو روزہ کشمیر کانفرنس کا انعقاد کروائیں گے، جس میں فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن کے علاوہ یورپ کے دیگر ممالک کے ممبران کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک حق خودارادیت یورپ کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس میں کیا۔ انہوں نے تحریکی رہنمائوں کو یقین دلایا کہ وہ کنزرویٹو پارٹی کی لیڈر شپ سے بھی کشمیری رہنمائوں کی ملاقاتیں کروائیں گے تاکہ حکمران جماعت سے بھی حمایت حاصل کی جاسکے۔ اس موقع پر تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیئرمین نے امجد بشیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کشمیریوں کے لیے ہر فورم پر ایک آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم عالمی سطح پر لابی کے لیے مسئلہ کشمیر پر متحرک تمام قوتوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور آنے والے دنوں میں لندن، مانچسٹر، برمنگھم سمیت ہر کشمیری پروگرام کو کامیاب کرنے کے لیے کوششیں تیز کریں گے۔ 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے علاوہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر70واں یوم تاسیس بھرپور انداز میں منائے گی۔ 25اکتوبر کو برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر گروپ کی معاونت سے کشمیر کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ جس سے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس، پاکستانی اور کشمیری لیڈروں کے علاوہ آزاد کشمیر سے خصوصی وفد بھی شرکت کرے گا۔ اجلاس میں شریک تحریک کے سرپرست اعلیٰ سردار عبدالرحمن خان اور ڈائریکٹر انتظامیہ ہیری بوٹا نے تحریک حق خودارادیت یورپ کے اگلے تین ماہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں نہ صرف برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کے حالات پر چوتھی بحث کروائی جائے گی بلکہ ایک درجن سے زائد ممبران پارلیمنٹ کو آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرواکر وہاں کے حالات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یورپ کے دارالحکومت میں تحریک کی برانچیں قائم کرکے وہاں کے ایوانوں میں بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے گا۔ امجد بشیرMEPاور تحریک حق خودارادیت یورپ کے اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس کے لیے برطانیہ اور یورپ کے تمام ممبران پارلیمنٹ کو خطوط کے ذریعے انہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے گزشتہ70سال سے کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے مداخلت کرے۔ دو ایٹمی قوتوں کے درمیان سلگتا ہوا کشمیر پورے خطے کو خطرناک صورت حال سے دوچار کرسکتا ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس پر سنجیدگی سے غور کرے۔ مسئلہ کشمیر صرف زمین کا تنازع نہیں بلکہ یہ ایک بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کی نازک صورت حال کے پیش نظر بلاامتیاز سیاسی وابستگی پر قومی پروگرام میں شریک ہوکر ملی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
تازہ ترین