• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کی بقا کیلئے میڈیا اور عدلیہ کا آزاد ہونا ضروری ہے،مقررین

لندن ( نمائندہ جنگ ) جمہوریت میں میڈیا کےکردار کے عنوان سے لندن کے علاقے آل گیٹ میں تھرڈ ورلڈ سالیڈیرٹی کے زیر انتظام ایک سیمینار منعقد ہوا،مقررین نےاپنے خطاب میں کہا کہ جمہوریت کی بقا کے لیے لازمی ہے کہ کسی بھی ملک کا میڈیا اور عدلیہ ریاست کے اہم ستون ہوتے ہیں ان کا آزاد و خود مختار ہونا اور اسے ریاست کے مفادات میں ذمہ داری سے کردار ادا کرنا بہت اہم ہے۔ماضی کی نسبت پاکستان کی عدلیہ آج زیادہ آزاد اور خود مختار ہے۔ماضی میں عدلیہ نے فوجی آمروں کے فیصلوں پر تصدیق مہر ثبت کی اور ان کے اقتدار کو دوام بخشا جبکہ موجودہ حالات میں عدلیہ کے فیصلے لائق تحسین ہیں۔ سیمینار میں زور دیا گیا کہ پاکستان کا میڈیا مالی مفادات کے برعکس قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ داری سے قوم کے سامنے حقائق سامنے لائے تاکہ جمہوریت مضبوط اور مستحکم ہو اور اس کے دور رس نتائج ملک و قوم کے مفاد میں برآمد ہوں۔میڈیا کی آزادی کی جدوجہد اصل میں طبقات کی جدوجہد ہے ۔بیرسٹر صبغت اللہ قادری کیوسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر پاکستان میں کرپشن ہے تو میڈیا کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان اداروں سیاست دانوں بااثر شخصیات کوبے نقاب کرے۔ سابق ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نےکہا کہ پاکستانی میڈیا کبھی بھی آزاد نہیں رہا حکومتوں اور مالکان کا بہت دبائو ہوتا ہے جس کی جھلک آپ روزانہ کے پرنٹ میڈیا اور چینلز پر دیکھتے ہیں ۔مشتاق لاشاری نے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ اچھے نتائج دیئے لیکن صحافتی ادارے خاص کر برطانیہ میں مستحکم نہیں۔مشتاق لاشاری نے تقریب کے میزبانی کے فرائض بھی انجام دیے عطا الرحمٰن، مجاہد بریلوی ، ارشد رچیال، سراج احمد ،امان اللہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔لندن میں پاکستان ہائی کمیشن انفارمیشن پریس کے انچارج منیراحمد اکرام خان، حبیب جان اکرم اور برطانیہ میں صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔
تازہ ترین