• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹرول لائن پر عالمی معاہدوں کے مطابق سیز فائر کیا جائے، سردار شفیق

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) کشمیر فورم وٹفورڈ کا اجلاس زیر صدارت سردار شفیق منعقد ہوا۔ اجلاس میں کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی نہتے عوام پر بلا جواز فائرنگ، کنٹرول لائن کی انتہائی کشیدہ صورتحال اور وہاں مقیم لوگوں کو میسر ضروریات زندگی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سردار آفتاب، سردار اشتیاق، سردار طاہر، سردار شجاعت و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ قرارداد پیش کرتے ہوئے کشمیر فورم کے چیئرمین سردار شفیق نے مطالبہ کیا کہ کنٹرول لائن پر بین الاقوامی معاہدوںاور قوانین کی روشنی میں مکمل سیز فائر کیا جائے، کسی بھی کشیدگی کی صورت میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی سطح پر فوری رابطہ اور کشمیریوں کا قتل عام بند کیا جائے۔ سردار شفیق نے کہا کہ نکیال سیکٹر کے دیہات لنجوٹ، ڈیسی و دیگر علاقہ جات جو جنگ بندی لائن کے انتہائی قریب ہیں وہاں کے لوگ بڑی مشکل سے زندگی گزار رہے ہیں۔ ان علاقوں میں بھارتی فوج کی بلاجواز فائرنگ عام معمول بن چکی ہے، عام لوگ شدید زخمی اور شہید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی مسلسل بلاجواز فائرنگ کے باعث ان کے جان و مال کے تحفظ کے لئے حکومت پاکستان سخت اقدامات کرے۔ قرارداد میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ جنگ بندی لائن پر بھارتی فوج کی طرف زخمی ہونے والے افراد کو دس لاکھ اور شہید ہونے والے افراد کو بیس لاکھ معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کے اہل خانہ کی کفالت ہو سکے، ان کے بچوں کی تعلیم و ملازمت کے حصول کے لئے بہتر اقدامات کئے جائیں۔ موبائل نیٹ ورک سروس کو بحال کیا جائے، حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کنٹرول لائن کے اطراف رہنے والوں کیلئے جنگ کی صورت میں لوگوں کے تحفظ کیلئے متبادل رہائشی منصوبے کا قیام عمل میں لائے۔ عوام کے تحفظ کیلئے بنکر تعمیر کئے جائیں تاکہ متاثرین اپنے بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر سکیں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو آر پار جانے کے لئے شناختی کارڈ اور سفری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ کئی دہائیوں سے بچھڑے کشمیری خاندان باآسانی مل سکیں، آرپار جانے والے کشمیری عوام کو موبائل، لیپ ٹاپ اور دیگر سہولیات دی جائیں، کاغذات کی جانچ پڑتال کی سخت پابندیاں نرم کی جائیں۔
تازہ ترین