• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برلن ملین مارچ سے تحریک آزادی کشمیر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے

نیو کاسل (پ ر) پی ٹی آئی کشمیر ویمن ونگ برطانیہ نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر پی ٹی آئی کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے27اکتوبر کو جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ملین مارچ کی مکمل حمایت اور اس میں بھرپور شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے تحریک آزادی کشمیر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ لندن میں ملین مارچ، برسلز میں ملین مارچ اورجنرل اسمبلی کے سامنے ملین مارچ کا کریڈٹ قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کو جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر ہونے والے مظالم کے خلاف تمام کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ برلن ملین مارچ کو تمام طرح کی نظریاتی و سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اس ملین مارچ کو کامیاب کروائے تاکہ مسئلہ کشمیر پر دنیا کی توجہ مبذول کرائی جاسکے۔ اس خیالات کااظہار پی ٹی آئی کشمیر ویمن ونگ برطانیہ کی مرکزی رہنمائوں سحرش ظہور اور صنم بیگم نے برمنگھم میں پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر آگے بڑھیں اور ایک دن آرپار کے کشمیری لائن آف کنٹرول پر اکٹھے ہوکر دیوار برلن کی طرح لائن آف کنٹرول کو بھی روند ڈالیں اور مقبوضہ کشمیر کو بھی آزاد کرالیں۔بیرسٹر سلطان نے ویمن رہنمائوں کا برلن مارچ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ پی ٹی آئی کشمیر ویمن رہنمائوں نے کہا برلن ملین مارچ تحریک آزادی کشمیر میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ ہزاروں کی تعداد میں کشمیری او پاکستانی شرکت کرکے بھارت کے کشمیریوں کے قاتل وزیراعظم مودی کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے لیے کردار ادا کرنے پر مجبور کریں گے۔
تازہ ترین